راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)سی پی او راولپنڈی ڈاکٹر غیاث گل نے راولپنڈی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں کے ساتھ محکمہ پولیس میں بھی سخت احتساب کا عمل شروع کردیا ہے جس کا آغاز تھانہ صدر واہ سے کرتے ہوئے 40 لاکھ روپے لے کر بین الاضلاعی منشیات فروش گینگ کو چھوڑنے کے الزام میں ایس ایچ او تھانہ صدر واہ اور سب انسپکٹر کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ایس ایچ او راجہ سجاد اور ٹرینی سب انسپکٹر نبیل کے خلاف یہ کاروائی سپیشل برانچ کی رپورٹ پر کی گئی جس پر تھانہ سول لائنز پولیس نے دستیاب ویڈیوز اور سکرین شاٹ سمیت تمام شواہد پر مکمل تحقیقات کے بعد مذکورہ دونوں پولیس افسران سمیت 6 اہلکاروں کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 365 اے اور 155 سی کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے تھانہ سول لائنز کے سب انسپکٹر فیاض حسین کی مدعیت میں درج مقدمہ کے متن کے مطابق تھانہ صدر واہ میں تعینات ٹرینی سب انسپکٹر نبیل احمد نے بلال پٹھان اور نذیر نامی 2 منشیات فروشوں کو ان کے 2 ساتھیوں کو اٹھا کر کسی گرفتاری کے بغیر 3 دن تک ایک پرائیویٹ جگہ پر رکھا اور اس دوران اپنے موبائل سے منشیات فروشوں کے متعلقین سے رابطہ کر کے چھوڑنے کے عوض 4ط لاکھ روپے کا مطالبہ کیا جس میں 2 لاکھ روپے نقد اور 20 لاکھ روپے آن لائن وصول کئے آن لائن ٹرانزیکشن میں 5 لاکھ روپے یو بی ایل ڈیجیٹل انٹرنل فنڈز ٹرانسفر اور 15 لاکھ روپے بذریعہ ڈیجیٹل انٹرنل فنڈ ٹرانسفر کئے گئے جس پر تحقیقات کے دوران دونوں افسران انکار کرتے رہے تاہم ویڈیو ثبوت دکھانے پر سب انسپکٹر نبیل احمد نے ملزمان کو اٹھانے، 3 دن پرائیویٹ جگہ رکھنے، 20 لاکھ روپے نقد وصول کر کے 10 لاکھ ایس ایچ او کو دینا تسلیم کیا مقدمہ کے متن کے مطابق اس ساری کاروائی میں مذکورہ دونوں افسران کے علاوہ آصف جاوید، فیصل، تیمور شہزاد اور معین احمد بھی شامل تھے جنہوں نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے منشیات فروشوں کو اغوا کر کے 40 لاکھ روپے بطور تاوان وصول کر کے انہیں چھوڑ دیا۔
