لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی امریکی ملک ایکواڈورکے شہر گوایاکیل میں ایک افسوسناک حادثے کے دوران پادری پاتریسیو الفریڈو سانچیز مولیناری (Patricio Alfredo Snchez Molinari) جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جن کی عمر 53
برس تھی۔ وہ ‘چرچ آف پرپیچوئل ریلیف میں پیرش پادری کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ یہ افسوسناک واقعہ ہفتہ کی شام کو پیش آیا۔ پادری سانچیز چرچ میں مذہبی تقریب (Mass)کی ادائیگی کر رہے تھے اور وہ اپنی پشت پر موجود دیوار پر نصب ایک بڑی اور وزنی لکڑی کی صلیب اکھڑ کر براہِ راست ان کے سر کے پچھلے حصے پر آ گری۔ چونکہ یہ تقریب سوشل میڈیا پر براہِ راست دکھائی جا رہی تھی، اس لیے یہ دلخراش منظر کیمرے میں ریکارڈ ہو گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پادری کے گرتے ہی چرچ میں موجود لوگوں میں افراتفری مچ گئی اور انہوں نے مدد کے لیے ایمبولینس کو پکارا۔ انہیں فوری طور پر طبی امداد دینے کی کوشش کی گئی، لیکن وہ سر پر لگنے والی شدید چوٹوں کے باعث جانبر نہ ہو سکے۔گوایاکل کے آرچ ڈایوسیس (Archdiocese of Guayaquil) نے باضابطہ طور پر پادری کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ چرچ انتظامیہ اور مقامی حکام اب صلیب کے دیوار سے الگ ہو کر گرنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔

