کراچی(این این آئی)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ آگاہی برائے چھاتی کے سرطان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس مرض کے خلاف مؤثر جدوجہد کے لیے آگاہی، بروقت تشخیص اور فوری علاج بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ بروقت تشخیص سے علاج کے امکانات بہتر بنانے کے ساتھ قیمتی جانیں بھی بچائی جا سکتی ہیں۔انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنی صحت کو ترجیح دیں اور چھاتی کے سرطان کی علامات کو نظرانداز کرنے کے بجائے فوری طور پر مستند ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین میں اس مرض سے متعلق شعور اجاگر کرنا حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جبکہ خوف، جھجک اور غلط فہمیوں کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت خواتین کو چھاتی کے سرطان کی تشخیص اور علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ سرکاری اسپتالوں میں مفت میموگرافی اور جدید تشخیصی و علاج کی سہولیات کی فراہمی صحت کے شعبے میں اہم پیش رفت ہے۔مراد علی شاہ کے مطابق جناح اسپتال کراچی میں سائبر نائف جیسی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کینسر کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ چھاتی کے سرطان کے مریضوں کے لیے شعاعوں کے ذریعے علاج کی سہولیات مزید بہتر بنانے کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

