لاہور (این این آئی)ڈی جی ماحولیات عبداللہ نیئر شیخ کی نگرانی میں فضائی آلودگی اور سموگ کے تدارک کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈرون سکواڈ اور ہاک آئی فیلڈ سکواڈ آلودگی پھیلانے والے صنعتی یونٹس،
اینٹوں کے بھٹوں اور کمرشل ککنگ پوائنٹس کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔محکمہ ماحولیات کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 27صنعتی یونٹس کی انسپیکشن کی گئی، جس کے دوران دو یونٹس کو سموگ نوٹس جاری کیے گئے، دو یونٹس سیل جبکہ خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 3لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔اسی طرح 68اینٹوں کے بھٹوں کی بھی جانچ پڑتال کی گئی، جس کے نتیجے میں دو بھٹے سیل اور ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔محکمہ ماحولیات نے فضائی آلودگی کا باعث بننے والے بھٹوں اور صنعتی یونٹس کے خلاف کارروائیاں مزید سخت رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔
