اسلام آباد (این این آئی)وزیرمملکت خزانہ بلال اظہرکیانی نے کہاہے کہ ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن سکیم ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے انتہائی اہم ہے اور اسے جاری رکھا جائے گا، سکیم کے غلط استعمال کی روک تھام اور مقامی صنعت کے تحفظات دور کرنے کے لیے اقدامات کئے گئے ہیں ،حکومت برآمد کنندگان کو مناسب قیمت پر مطلوبہ معیار کا خام مال فراہم کرنے کی سہولت برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے ۔منگل کوقومی اسمبلی میں شرمیلا فاروقی کے نکتہ اعتراض پر انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ معاملہ ایوان کے ایجنڈے میں شامل نہیں تھا اور نہ ہی سوالات کے وقفے میں توجہ دلائو نوٹس کے تحت زیر بحث تھا تاہم ایک خاتون رکن قومی اسمبلی نے ایک اہم مسئلہ اٹھایا ہے جس کی وضاحت ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ معاملہ میڈیا میں بھی زیر بحث آتا رہتا ہے اور حکومت کاروباری برادری، برآمد کنندگان اور ٹیکسٹائل شعبے سے وابستہ افراد کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ پوری ویلیو چین کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن سکیم کے تحت برآمد کنندگان کو برآمدی مصنوعات کی تیاری کے لیے درکار خام مال اور دیگر اشیا ڈیوٹی کے بغیر درآمد کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے، ماضی میں اس سکیم کے تحت بعض بے ضابطگیوں اور غلط استعمال کے واقعات سامنے آئے تھے جن کی روک تھام کے لیے اصلاحی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا امکان کم سے کم کیا جا سکے۔
ایکسپورٹ فیسیلی ٹیشن سکیم جاریرہے گی: بلال اظہر کیانی

