صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے میں سکوٹی سوار لڑکی کو ہراساں اور تشدد کا نشانہ بنانے والا مرکزی ملزم پولیس کی فوری کارروائی کے نتیجے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک اوباش شخص کو سڑک پر سکوٹی سوار لڑکی کا راستہ روکتے، اسے ہراساں کرتے اور مزاحمت پر تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا۔پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد اور سائنسی طریقوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کا سراغ لگایا اور چھاپہ مار کر اسے دھر لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنے اور ان پر تشدد کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ملزم کو سخت قانونی سزا دلوائی جائے گی۔ دوسری طرف پنجاب پروٹیکشن ویمن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے پولیس کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سڑکوں پر خواتین کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور ایسے درندوں کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔
لاہور میں سکوٹی سوار لڑکی پر وحشیانہ تشدد کرنے والا ملزم گرفتار

