راولپنڈی (سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے پیرودھائی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت، تعمیراتی کاموں کے معیار اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور تعمیراتی کمپنیوں کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عوام کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کے دوران معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام منصوبوں میں مقررہ معیار اور متعلقہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے، کام میں تاخیر کی وجوہات کا فوری ازالہ کیا جائے اور دستیاب وسائل کو مثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن کے زیر انتظام جاری ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتحال، کام کی رفتار اور تکمیل کے مراحل کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی سکیموں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے اور فیلڈ میں کام کی رفتار اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ دورے کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ ٹائم لائن کے مطابق کام مکمل نہ کرنے والی تعمیراتی کمپنیوں سے جواب طلب کیا جائے گا اور غفلت یا غیر ضروری تاخیر کی صورت میں قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شہر کی مجموعی صورتحال میں بہتری کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے کے ذریعے درپیش مسائل حل کرنے اور ترقیاتی کاموں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔
