روات (بیورو رپورٹ)تھانہ روات پولیس نے قانون شکنی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے خلاف مثر کارروائی کرتے ہوئے بحریہ ٹان فیز 7 میں قائم فحاشی کے اڈے کو ناکارہ بنا دیا۔ پولیس نے موقع سے ایک مرد اور دو خواتین کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق اے ایس آئی ساجد ثقلین کی قیادت میں پولیس ٹیم گشت و تفتیش کے دوران بحریہ ٹان فیز 7 میں موجود تھی کہ مخبرِ خاص نے اطلاع دی کہ ‘خواجہ ہائٹس III’ کے ایک فلیٹ میں مساج سینٹر کی آڑ میں غیر قانونی اور فحش سرگرمیاں چلوائی جا رہی ہیں۔اطلاع کو موثر اور معقول گردانتے ہوئے پولیس نے لیڈی پولیس اہلکاروں کی معیت میں بتائے گئے مقام پر فوری اور سرپرائز چھاپہ مارا۔ پولیس کی آمد پر ملزمان نے بھاگنے کی کوشش کی، تاہم پولیس اہلکاروں نے تعاقب کرتے ہوئے موقع سے ایک مرد اور دو خواتین کو قابو کر لیا، جبکہ ایک خاتون اور مرکزی ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔دورانِ تفتیش یہ بات بھی سامنے آئی کہ نامزد ملزم نے فلیٹ کرائے پر حاصل کر رکھا تھا لیکن اس نے ‘پنجاب انفارمیشن آف ٹمپریری ریذیڈنٹس ایکٹ 2015’ کے تحت اپنے اور فلیٹ کے کوائف آن لائن درج نہیں کروائے تھے۔تھانہ روات میں ملزمان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 371A، 371B، 294 اور 11-PTRA-2015 کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ شہریوں نے پولیس کی اس بروقت اور فعال کارروائی کو سراہا ہے۔
