لاہور(کرائم رپورٹر)پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ کے کھلاڑیوں نے ایشین اینڈ ورلڈ ماسٹر گرینڈ پرکس ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ 2026اور 54ویں نیشنل ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 13میڈلز جیت لیے۔ پولیس کے مرد و خواتین کھلاڑیوں نے 8 گولڈ، 2 سلور اور 3برانز میڈلز حاصل کرکے محکمے کا نام روشن کیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں پاکستان پولیس کے کھلاڑیوں نے 11جبکہ نیشنل ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں 2میڈلز حاصل کیے۔ مقابلوں میں آرمی، واپڈا، پاکستان نیوی، ایئر فورس سمیت پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ پاکستان پولیس کے ویٹ لفٹرز مجید، محمد رضوان، زبیر اور ارم خانم نے دو، دو گولڈ میڈلز جیت کر نمایاں کامیابی حاصل کی، جبکہ ویٹ لفٹر ندیم نے دو سلور اور بلال نے ایک برانز میڈل اپنے نام کیا۔ ایتھلیٹکس مقابلوں میں محمد احمد نے میراتھن جبکہ مبشر نے 3 ہزار میٹر ریس میں برانز میڈل جیتا۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے پاکستان پولیس کے کھلاڑیوں کو شاندار کامیابیوں پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں کامیابیاں حاصل کرکے محکمے کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ ایڈیشنل آئی جی عمران ارشد اور چیف سپورٹس آفیسر ڈی آئی جی اطہر اسماعیل نے بھی فاتح کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا
