پشاور(این این آئی) خیبرپختونخوا باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے صدر و سابق (مسٹر سائوتھ ایشیا)اعجاز احمد اور سیکرٹری جنرل حاجی محمد اسماعیل نے ہر سال کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے رواں سال بھی آرمی پبلک سکول شہدا باڈی بلڈنگ میموریل چمپئن شپ 2027کے شاندار انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے صوبائی باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اطلاعات ہارون خان نے ایونٹ کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ میگا ایونٹ جنوری 2027 میں پشاور کے تاریخی مقام نشتر ہال میں منعقد ہوگا۔ہارون خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس عظیم الشان ایونٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد آرمی پبلک سکول کے عظیم شہدا اور ان کی لافانی قربانیوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرنا ہے، کھیل کا میدان جہاں نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف مائل کرتا ہے، وہیں یہ ایونٹ ہمارے ان شہدا کی یاد کو تازہ رکھے گا ۔

