اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں )وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ
سہیل آفریدی ایک اچھے ریسٹ ہائو س میں موجود ہیں اور موجیں کررہے ہیں، سہیل آفریدی کو جیل میں نہیں بلکہ حفاظتی تحویل میں رکھا ہوا ہے ، 20 لاکھ لوگ جو اسلام آبادکیلئے اکٹھے کئے تھے وہ اب ان کے دشمن بنے ہوئے ہیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بہنوں کو مزید 30دن کیلئے اس لئے بند کردیا کہ ملک میں افراتفری ، انارکی اور امن وامان کی صورتحال پیدا کرنا چاہتے تھے، جس کیلئے انہوں نے کافی تیاری کی ہوئی تھی، اس میں پوری پارٹی اور کے پی حکومت ،کابینہ شامل تھی، ایسی صورتحال میں ایسے لوگوں کو عوام سے الگ کیا گیا، تاکہ امن وامان کی صورتحال برقرار رہے، پھر کے پی میں دہشتگردی کے خلاف آپریشن جس میں یہ لوگ رکاوٹ تھے اس کو سرانجام دیا جائے۔انہوںنے کہا کے پی حکومت کی قیادت سمیت سب دہشتگردی کیخلاف آپریشن میں رکاوٹ تھے، یہ لوگوں کو وہاں گمراہی کا شکار کرتے تھے، ورغلاتے تھے کہ فوج اور ایجنسیز کے ساتھ تعاون نہ کریں۔ ان کی نظر بندی میں تب تک مزید اضافہ ہوسکتا ہے، جب تک پاکستان کو دہشتگردی کی خوفناک صورتحال کا سامنا ہے۔ یہ صرف دہشتگردی نہیں ہے، بلکہ یہ انڈین اور افغانستان کی پھیلائی ہوئی دہشتگردی بھی ہے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نئے صوبوں کا معاملہ انتہائی سنجیدہ اور پاکستان کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے ، اس کو پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم سے ہی آگے بڑھایا جانا چاہیے اور اس پر تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان سیر حاصل بحث ہونی چاہیے۔ایک انٹرویو میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جب بھی کوئی نئی آئینی ترمیم آئے گی وہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد 28ویں ہی ہوگی۔ یہ طے کیا جانا چاہیے کہ نئی ترمیم میں کیا ہوگا، آیا اس میں صوبوں پر بات ہوگی یا کوئی اور ایشوز زیرِ بحث آئیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ بہت سے ایشوز پر صوبوں اور وفاق کے درمیان بات چیت ہوتی رہتی ہے، لیکن صوبوں کے معاملے پر کوئی بارگیننگ نہیں کی جا سکتی کیونکہ عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھنا لازم ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کی بارگیننگ ملک کے ساتھ سراسر ناانصافی ہوگی۔ملکی معیشت اور مہنگائی کے حوالے سے انہوں نے موقف اختیار کیا کہ موجودہ مہنگائی کی بنیادی وجہ جنگ ہے، جو کہ حکومتِ پاکستان کا قصور نہیں ہے۔ پاکستان کی عسکری قیادت بھی یہ بھرپور کوشش کر رہی ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کا خاتمہ ہو۔انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ روز عسکری قیادت اسی سلسلے میں ایران میں موجود تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی یہ جنگ ختم ہوگی، تیل اور گیس سستے ہوں گے جس سے مہنگائی میں بھی خاطر خواہ کمی آئے گی، تاہم وہ اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ مہنگائی کی وجہ سے اس وقت عوام کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔
رانا ثناء اللہ
