اسلام آباد (ملک منظور احمد)پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سیاسی روابط، تجارتی تعاون اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ یورپی یونین کے رکن ممالک کے سفیروں نے پاکستان کے نئے سیکرٹری خارجہ سفیر عاصم افتخار احمد سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، سیاسی مکالمے میں وسعت اور تجارتی تعاون بڑھانے کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں یورپی یونین کی جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز پلس (جی ایس پی پلس) سے حاصل ہونے والے مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ شرکاء نے باہمی دلچسپی کے امور اور مشترکہ ترجیحات کا جائزہ لیتے ہوئے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان قریبی تعاون کے لیے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری عائشہ علی، ڈائریکٹر جنرل یورپ ون اشتیاق احمد عقیل اور دیگر سینئر سفارت کار بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر رومانیہ کے سفیر نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ سیاسی تعلقات اور اقتصادی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے رومانیہ کی بندرگاہ کانستانتا اور کراچی بندرگاہ کے درمیان طے پانے والے معاہدے کو عملی شکل دینے کی اہمیت پر خصوصی زور دیا۔ رومانیہ کے سفیر کے مطابق دونوں بندرگاہوں کے درمیان تعاون سے پاکستان اور رومانیہ کے مابین تجارتی روابط، علاقائی رابطہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تبادلوں کو مزید وسعت دینے میں مدد مل سکتی ہے۔ رومانیہ کے سفیر نے کہا کہ مکالمے، تجارت اور رابطہ کاری کے ذریعے مضبوط شراکت داریاں قائم کرنا ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔ رومانیہ نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان قریبی روابط کے فروغ کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
یورپی یونین
