کراچی(این این آئی)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ اینیمیشن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ
یہ دن تخلیقی صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل فنون کے فروغ کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اینیمیشن آرٹ، کہانی اور ٹیکنالوجی کا امتزاج ہے اور نوجوان اس شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر نمایاں مقام حاصل کرسکتے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سندھ حکومت کا پیپلز انفارمیشن ٹیکنالوجی پروگرام (پی آئی ٹی پی) نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے اور آئی ٹی کی تربیت کے ذریعے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ گرافک ڈیزائن سمیت مختلف ڈیجیٹل مہارتیں نوجوانوں کو اینیمیشن، ڈیجیٹل میڈیا اور تخلیقی مواد سازی کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے نوجوان تخلیقی سوچ اور جدید ٹیکنالوجی کو اپنا کر ڈیجیٹل معیشت میں مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔

