تلہ گنگ(راجہ محمد عدیل)ڈپٹی کمشنر چکوال و تلہ گنگ سارہ حیات کے زیرِ صدارت ہونے والے خصوصی انسداد پولیو مہم کے دوسرے روز جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سعید اختر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع چکوال و تلہ گنگ میں انسدادِ پولیو مہم کے دوسرے روز مجموعی طور پر 63 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔جبکہ ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے 2 لاکھ 55 ہزار 377 بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جس کے مقابلے میں اب تک 1 لاکھ 60 ہزار 784 بچوں کو ویکسین پلائی جا چکی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کہ گھروں میں موجود بچوں کی ویکسی نیشن کے ہدف کے تحت 1 لاکھ 13 ہزار 481 بچوں کو قطرے پلائے گئے، جبکہ عدم دستیاب بچوں کے 30 ہزار 890 کیسز میں سے 19 ہزار 293 بچوں کو کور کر لیا گیا ہے۔ اسی طرح انکاری بچوں کے تمام 23 کیسز کو بھی کور کر لیا گیا ہے اور کوئی انکاری کیس باقی نہیں رہا۔ سکولوں، فکسڈ پوائنٹس، ٹرانزٹ پوائنٹس اور دیگر مقامات پر بھی ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے ہدایت کی کہ مہم کے باقی ایام میں ویکسی نیشن اہداف کے سو فیصد حصول کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کی مثر نگرانی کی جائے اور عدم دستیاب بچوں تک دوبارہ رسائی حاصل کرکے انہیں پولیو سے بچا کے قطرے پلائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسدادِ پولیو مہم میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے ہر بچے تک رسائی یقینی بناتے ہوئے ضلع کو پولیو سے محفوظ بنانے کے لیے تمام اقدامات مثر انداز میں جاری رکھے جائیں گے
