لاہور(کرائم رپورٹر)اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ، 9کاروائیوں کے دوران 3خواتین سمیت 8ملزمان گرفتار کر کے 152.997کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی ۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق اٹک میں کالج کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 200گرام چرس برآمد ، فتح جنگ روڈ اٹک میں کالج کے قریب ملزم سے 125گرام چرس برآمد ہوئی ۔ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ۔ دیگر کاروائیوں کے دوران باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور پر عمرہ کے لئے جدہ جانے والے مسافر کے بیگ میں موجود کپڑوں میں جذب شدہ 5کلوگرام آئس برآمد کر کے ملزم گرفتار ، للیانی ٹول پلازہ قصور کے قریب رکشہ سے 36کلوگرام چرس،12کلوگرام افیون،2کلوگرام آئس کے ساتھ 2ملزمان گرفتار ، گلبرگ لاہور میں واقع کوریئر آفس میں آسٹریلیا جانے والے پارسل میں 75لیڈیز سوٹ میں جذب شدہ آئس برآمد،آئس کا کل وزن90کلوگرام تھا، موٹرویٹول پلازہ اسلام آباد پر مسافر بس میں سوار 2مسافر خواتین کے قبضے سے 2.310کلوگرام آئس،1کلوگرام چرس برآمد، سپینی روڈ کوئٹہ پر نجی کوریئر آفس میں نیوزی لینڈ جانے والے پارسل سے 162گرام آئس برآمد ، شاہراہِ پاکستان روڈ کراچی پر بس ٹرمینل کے قریب لاوارث بیگ سے 3کلوگرام ویڈ برآمد ، ترکئی ٹول پلازہ سوہاوہ جہلم کے قریب خاتون ملزمہ سے 1.2کلوگرام چرس برآمد ہوئی ۔ تمام کاروائیوں کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997ء کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
