لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے)پنجاب بھر میں ضلع ،سرکل اور پولیس سٹیشن لیول پر سمارٹ پولیسنگ
سسٹم نیا نظام متعارف کرادیا گیا، ڈی پی او، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او لیول پرکارکردگی کی مانیٹرنگ ڈیجیٹل نظام کے تحت کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سی ایم کرائم سرویلنس یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کرائم سرویلنس یونٹ میں متعین آفیسرز سے بات چیت کی۔ کرائم سرویلنس یونٹ کے سربراہ عثمان تنویر نے تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایف آئی آر کے اندراج میں بلاجواز تاخیر کی شکایات پر اظہار ناپسندیدگی کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پولیس سٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ کے ڈیٹا کا درست استعمال یقینی بنانے کا حکم دیااور پولیس کے بارے میں منفی پروپیگنڈا پر فوری رسپانس کی ہدایت کی۔اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آئی جی پنجاب پولیس سے اصلاحات کا پلان طلب کر لیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے ہر تھانے میں تازہ ترین جرائم کا مکمل ڈیٹا، ایک کلک پر سامنے آجائے گا۔ ڈی پی او، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سمیت پولیس افسروں کی کارکردگی کا تجزیہ بھی کیا جائے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہر شہری کی شکایت/درخواست کا بروقت ازالہ اور تاخیر پر کارروائی ممکن ہوگی۔کرائم سرویلنس یونٹ میں 20کیٹگری کے مختلف کرائم کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا۔ کرائم سرویلنس یونٹ میں موجودماہرین فوری ڈیٹا اینالیسس رپورٹ تیار کریں گے ۔ کرائم سرویلنس یونٹ سوشل میڈیا پر قومی سلامتی تقاضوں کے مطابق پوسٹ کی نشاندہی بھی کرے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کوہر قسم جرائم سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔ کرائم سرویلنس یونٹ کے قیام کا مقصدجرائم کے خاتمے کی مہم کو موثر بنانا ہے۔ اچھے برے لوگ ہر جگہ ہوتے ہیں لیکن پوری فورس پر تنقید درست طرزِ عمل نہیں ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ چند لوگوں کی وجہ سے پولیس کی مجموعی کارکردگی پرسوالیہ نشان غلط ہے۔ پنجاب میں موثر اصلاحات کی وجہ جرائم کی شرح میں کمی کا تاریخی رحجان خوش آئند امر ہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تونسہ انڈس ڈولفن ریزارٹ کے بارے میں ایکس میسج سے منفرد اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تونسہ بیراج پر کوٹ ادو میں ٹی ڈی سی پی ڈولفن ریزارٹ کے افتتاح کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایکس مسیج میں لکھا ہے کہ تصور کیجئے، صبح سویرے چائے کی چسکی لیتے ہوئے نایاب بلائنڈ دریائی ڈولفن کو دریائے سندھ کی لہروں پر اچھلتے ہوئے د یکھا جائے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایکس میسج میںمزید لکھا کہ ٹی ڈی سی پی بلائنڈ ڈولفن ریزارٹ کا آغاز کرتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ ٹی ڈی سی پی بلائنڈ ڈولفن ریزارٹ دریائے سندھ کے کنارے 120 کنال پر قائم کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بتایا کہ ٹی ڈی سی پی بلائنڈ ڈولفن ریزارٹ عالمی سیاحتی معیار کے مطابق ماحول دوست تفریحی مقام ہے ۔ قبل ازیںوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کورٹ فیس میں جعلسازی کرنے والے مافیا کے خلاف کارروائی پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جعلی کورٹ فیس ٹکٹ سے قومی خزانے کو ڈیڑھ ارب نقصان پہنچانے والے عناصر کیخلاف کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا تاریخی ایکشن قابل تحسین ہے۔ ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مافیاز حقیقی طور پر قومی مجرم ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ کرپشن اور جرم کے خلاف عدلیہ اور انتظامیہ کا ایک پیچ پر ہونا بہتری کی نوید ہے۔ پنجاب میں کرپشن کے خاتمے کی کاوش میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی معاونت پر شکر گزار ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھکر کے قریب ٹریکٹر ٹرالی حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے زخمیوں کے بہترین علاج کی ہدایت بھی کی۔
مریم نواز
