کراچی(این این آئی) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ کراچی کو ایسا شہر بنانا وقت کی اہم ضرورت
ہے جس پر سب فخر کرسکیں، باہمی اختلافات کے بجائے ایک دوسرے کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اور شہر کی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں معروف مصنف خالد فاطمی کی کتاب ”نامراد کراچی” کی تقریبِ رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں اخلاق احمد، خادم حسین سومرو اور ذیشان الرب جعفری نے بھی شرکت کی اور کتاب کے مختلف پہلوؤں سمیت کراچی کی تاریخی اور سماجی صورتحال پر اظہارِ خیال کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کی اصل خوبصورتی اس کا کثیرالثقافتی اور کثیراللسانی تشخص ہے۔ یہاں سندھی، پٹھان، کچھی، پارسی، جوکھیو، پنجابی، اردو بولنے والے اور ہزارہ وال سمیت مختلف برادریاں آباد ہیں۔ یہ شہر سب کا ہے اور اس کی پہچان مختلف زبانوں، ثقافتوں اور برادریوں کے باہمی میل جول میں پوشیدہ ہے۔انہوں نے کتاب اور مطالعے کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر دور میں کتاب پڑھنے کا اپنا الگ تجربہ ہوتا ہے۔ جیل میں قیام کے دوران دل لگا کر مطالعہ کیا تو احساس ہوا کہ کتاب پڑھنے کا لطف ہی کچھ اور ہے۔ زبان کا خوبصورت استعمال، آرٹ اور کتاب میں بیان کیے گئے واقعات زندگی سے قریب ہوتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی شہر کی ترقی عوام کی اجتماعی کوششوں سے ممکن ہوتی ہے، اس لیے دوسروں سے سیکھنے اور مثبت تجربات سے فائدہ اٹھانے کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا۔ ہمارے اسلاف علم، رواداری اور برداشت کا پیغام لے کر آئے تھے، ہمیں بھی ان اقدار کو اپناتے ہوئے معاشرے میں باہمی احترام اور تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔گورنر سندھ نے کہا کہ خدمتِ سندھ ایپ کا افتتاح بھی اسی سوچ کی عملی مثال ہے، جس کا مقصد عوام کی مشکلات کم کرنا، شکایات کا ازالہ اور سرکاری اداروں تک شہریوں کی رسائی آسان بنانا ہے۔

