اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آنے والے غیر ملکی سربراہانِ مملکت اور بین الاقوامی وفود کو عالمی معیار کی پروٹوکول سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید سٹیٹ لانج کی تعمیر کا باقاعدہ سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ایک پروقار تقریب میں نئے سٹیٹ لانج کا سنگِ بنیاد رکھا اور یادگاری تختی کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر وزیر دفاع نے ایئرپورٹ کے احاطے میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔ تقریب میں سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد علی اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ایئر وائس مارشل شاہد افضال سمیت وزارت دفاع اور پی اے اے کے اعلی حکام نے شرکت کی۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نیا سٹیٹ لانج پاکستان کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)سربراہی اجلاس 2027 کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ یہ منصوبہ ملک کے ہوائی اڈوں پر مہمان نوازی اور پروٹوکول کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی قومی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
