اسلام آباد(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سینیٹر پلوشہ خان اور سینیٹر شہادت اعوان
نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 10 لاکھ گھروں کی فراہمی کا وعدہ پورا کردیا ہے، 20 لاکھ گھر مزید بنائیں گے،بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو اصلاح کا مشورہ دیا ہے، نفرت کی سیاست کے بجائے برداشت کی سیاست کا کردار ادا کیا جائے،ہم اپوزیشن سے امید کرتے ہیں کہ وہ انتخابی اصلاحات کی کمیٹی کے لیے نام دیں گے، 28ویں ترمیم کے لیے پیپلزپارٹی کا کوئی رکن نہیں ٹوٹے گا، سندھ اسمبلی صوبے کی تقسیم کے خلاف 6 بار قراردادیں منظور کر چکی ہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی آئین اور عوام کے ساتھ کھڑی ہونے والی پارٹی ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان نے سینیٹر شہادت اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھروں کی فراہمی کا منصوبہ سندھ میں مکمل کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم سے گذارش ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی صورتحال پر اپنا فلسفہ پیش کیا ہے، اس پر غور کریں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں اور حکومت میں محاذآرائی ہے، وہ آمنے سامنے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام اس وقت معاشی بدحالی کا شکار ہیں۔ بلاول بھٹو کے فلسفے کو اپنا کر حالات بہتر کیے جا سکیں گے۔ بلاول بھٹو کے اس فلسفے کو یاد رکھا جائے گا۔ نفرت کی سیاست کے بجائے برداشت کی سیاست کا کردار ادا کیا جائے۔
