لاہور( این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ ویڈیو بنا کر کسی کو تھپڑ مار دینا انصاف نہیں، وزیراعلی کا ذاتی طور پر انصاف کرنا غیر قانونی اور غیر آئینی ہے،انصاف صرف عدالتوں کے ذریعے ہونا چاہیے اور اگر حکومت نے تھپڑ کے بدلے تھپڑ، ٹانگ کے بدلے ٹانگ اور زبان کے بدلے زبان کا اعلان کیا ہے تو پھر ہمیں گردن کے بدلے بھی تو کوئی چیز دینی چاہیے۔ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ ہمیں بینظیر بھٹو اور لیاقت علی خان کے قتل کا انصاف چاہیے،پنجاب میں ایک ایک دھماکے میں ہمارے 3،3سیاسی کارکن شہید ہوئے۔بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حسن مرتضی نے کہا کہ حکومت اب بھی انتخابات سے راہِ فرار اختیار کر رہی ہے اور تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں تاہم پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کو بلدیاتی انتخابات کرانے پر مجبور کرے گی،ہم عوامی دبا ئوکے ذریعے یہ انتخابات کروائیں گے،اگر پیپلز پارٹی ان انتخابات میں کلین سوئپ نہ بھی کر سکی تو اپنی سیاسی شناخت اور نقش ضرور چھوڑے گی،انتخابات کے بعد پنجاب میں یقینا بڑی تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام نئے لوگوں، نئی سوچ، ترقی اور آئندہ 20سے 25سال کے لیے پائیدار پالیسیوں کے خواہاں ہیں۔انہوںنے بغیر ثبوت کرپشن کے الزامات لگانے کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کے پاس ثبوت موجود ہیں تو وہ پیش کرے۔ 1980اور 1990کی دہائی والی سیاست دوبارہ شروع ہو رہی ہے جس میں ایک دوسرے پر الزام تراشی کے باعث سیاسی گنجائش تیزی سے کم ہو رہی ہے،سیاسی گنجائش کا سکڑنا پورے نظام کے لیے نقصان دہ ہے۔پیپلز پارٹی نے بہت برے وقت برداشت کیے ہیں اسی لیے ہم سیاسی گنجائش بڑھانے اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کرتے ہیں اس پر قبضہ کرنے کی نہیں۔
