اسلام آباد (حبہ عباسی)پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں ایسا انکشاف سامنے آیا ہے جس نے
پورے ایوان کو ہلا کر رکھ دیا۔ آڈٹ رپورٹ نے بتا دیا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے 624 ارب 47 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثوں کی آج تک دوبارہ مالیت ہی مقرر نہیں کی گئی اور نہ ہی ان اثاثوں کی ٹیگنگ ہو سکی۔ یہ معاملہ کوئی کل کا نہیں، یہ 2000 سے لٹکا ہوا ہے، اور 2023ـ24 تک بھی کسی نے اس کی طرف دیکھا تک نہیں۔اعداد و شمار تو اور بھی حیران کن ہیں۔ صرف فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے 231 ارب 17 کروڑ روپے کے اثاثے ری ویلیوایشن سے محروم ہیں، آئیسکو کے 155 ارب 82 کروڑ، میپکو کے 128 ارب 24 کروڑ، لیسکو کے 105 ارب 94 کروڑ اور حیسکو کے 3 ارب 14 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثوں کی دوبارہ مالیت ہی نہیں لگائی گئی۔ یہ معاملہ اکتوبر اور نومبر 2024 میں انتظامیہ کے سامنے بھی اٹھایا گیا مگر بات آئی گئی ہو گئی۔اجلاس میں جب یہ رپورٹ کھلی تو اراکین پھٹ پڑے۔ شازیہ مری نے دو ٹوک کہا کہ اگر ٹیگنگ لازمی ہے تو اس کو چھوڑ کر مالیت کا تعین کیوں کیا جا رہا ہے؟ انہوں نے صاف خبردار کر دیا کہ بجلی کمپنیوں کی نجکاری جلد بازی میں نہ کی جائے، کیونکہ اثاثوں کی درست مالیت کے بغیر نجکاری کا مطلب قومی خزانے کو سیدھا نقصان ہے اور بعد میں سرمایہ کار اپنی ساری لاگت عوام کی جیب سے نکالے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جن کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے ان کا تجربہ اور مہارت پہلے جانچی جائے، اتنے بڑے عوامی ادارے کو کسی ناتجربہ کار کے حوالے نہیں کیا جا سکتا، بجلی کا معاملہ براہ راست عوام کی زندگی سے جڑا ہوا ہے۔منزہ حسن نے نے کہا کہ اربوں روپے کے اثاثے کوڑیوں کے بھاؤ فروخت کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دیں گے، نجکاری کمیشن بتائے کہ فروخت پرانی ویلیوایشن پر ہوگی یا نئی مالیت پر، اور اس معاملے پر نجکاری کمیشن کو طلب کر کے جواب لیا جائے۔دوسری طرف سیکریٹری نے صفائی دینے کی کوشش کی اور کہا کہ اثاثوں کا ریکارڈ اکاؤنٹس میں موجود ہے، ٹیگنگ کے ذریعے ریکارڈ کو فیلڈ میں موجود اصل اثاثوں سے جوڑا جا رہا ہے، نمبرنگ کا عمل جاری ہے اور تمام کمپنیوں میں ری ویلیوایشن کی مشق کی گئی ہے، ٹیگنگ مکمل ہوتے ہی اصل مالیت سامنے آ جائے گی۔مگر افنان اللہ نے ایک اور بم پھوڑ دیا، انہوں نے بتایا کہ گیپکو اور فیسکو سمیت تین بجلی کمپنیوں کی نجکاری نئے ماڈل کے تحت کرنے کی تیاری ہو رہی ہے، اور چونکہ زمین کی قیمت بہت زیادہ ہے اس لیے اسے حکومت کے پاس رکھ کر لیز پر دینے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کا معاملہ بھی اٹھا دیا کہ اس کے اثاثوں اور قرضوں کو آڈٹ میں شامل ہی نہیں کیا گیا، اس کا بھی جائزہ لیا جائے۔چیئرمین کمیٹی نے آخر میں یہ کہہ کر بات ختم کی کہ سرکاری اداروں کے مالی گوشوارے مکمل اور تازہ ترین ہونے چاہئیں، مگر افسوس کہ بیشتر وزارتوں کے گوشوارے مطلوبہ معیار پر پورے ہی نہیں اترتے۔
اثاثے ری ویلیوایشن
