اسلام آباد(پ ر)پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) اور علی بابا ڈاٹ کام نے ڈیجیٹل ٹریڈ ڈیٹا کنفرمیشن سروس متعارف کرانے کے لیے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان کے ڈیجیٹل تجارتی نظام کو علی بابا ڈاٹ کام
کے عالمی کاروباری پلیٹ فارم سے منسلک کرکے بین الاقوامی ای کامرس میں اعتماد کو فروغ دینا اور پاکستان کے کاروباری شعبے کے لیے بین الاقوامی تجارت کے مواقع بڑھانا ہے۔اس معاہدے کے تحت یہ سروس علی بابا ڈاٹ کام اور اس کے عالمی خریداروں کو کاروباری معلومات کی تصدیق کی اضافی سہولت فراہم کرے گی۔ اس مقصد کے لیے ایپلی کیشن پروگرامنگ انٹرفیس (اے پی آئی) کے ذریعے تصدیق کی درخواستیں اور جوابات کا تبادلہ ہوگا، تاہم اصل تجارتی ڈیٹا کسی دوسرے فریق کو فراہم یا منتقل نہیں کیا جائے گا۔علی بابا ڈاٹ کام پاکستانی تاجروں کو عالمی منڈیوں میں اپنے کاروبار کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتا ہے، جہاں وہ بیرونِ ملک خریداروں سے رابطہ قائم کرنے، نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے اور اپنی برآمدات بڑھانے کے لیے ڈیجیٹل سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ توقع ہے کہ ٹریڈ ڈیٹا کنفرمیشن سروس کے ذریعے پاکستانی برآمد کنندگان کی برآمدی تفصیلات کی آزادانہ طور پر ڈیجیٹل تصدیق ممکن ہوگی، جس سے عالمی خریداروں کا اعتماد بڑھے گا اور اس پلیٹ فارم پر ہونے والے کاروباری لین دین میں شفافیت کو فروغ ملے گا۔ پاکستان سنگل ونڈو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید آفتاب حیدر نے کہا، "علی بابا ڈاٹ کام کے ساتھ ہمارا تعاون اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا ڈیجیٹل تجارتی نظام سرحد پار تجارت میں اعتماد بڑھانے کے لیے جدید سہولتیں فراہم کر سکتا ہے۔ اے پی آئی کے ذریعے تجارتی معلومات کی تصدیق کی سہولت نجی شعبے کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور حکومت کے قائم کردہ سنگل ونڈو نظام کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔ اس سے تجارتی معلومات کے بہتر استعمال، شفافیت میں اضافے اور پوری سپلائی چین میں پاکستان کے تجارتی شعبے کے اعتماد اور ساکھ کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔”علی بابا ڈاٹ کام میں ہیڈ آف پاکستان بزنس سمر گا نے کہا، "ہمیں پاکستان سنگل ونڈو کے ساتھ شراکت داری اور ٹریڈ ڈیٹا کنفرمیشن سروس متعارف کرانے پر خوشی ہے۔ یہ تعاون پلیٹ فارم پر اعتماد کو مزید مضبوط بنانے، پاکستانی برآمد کنندگان کو عالمی خریداروں کے ساتھ آسانی سے کاروبار کرنے میں مدد دینے اور بین الاقوامی ای کامرس میں شفافیت اور اعتبار کے نئے معیار قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ اقدام پاکستان کے تجارتی شعبے کو عالمی منڈیوں میں وسعت دینے کے لیے مزید بہتر سہولتیں فراہم کرے گا۔” یہ شراکت داری پاکستان سنگل ونڈو کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ قومی ڈیجیٹل تجارتی نظام کو بروئے کار لا کر جدید سہولتیں متعارف کرائی جائیں، بین الاقوامی تجارتی شراکت داری کو مضبوط بنایا جائے اور پاکستان کو عالمی ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بنانے کے عمل کو آگے بڑھایا جائے۔
پی ایس ڈبلیو اور علی بابا ڈاٹ کام کے درمیان شراکت داری

