فتح جنگ(بیورو رپورٹ) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے اٹک ریجنل کیمپس کی نئی عمارت کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا، جسے 28 کروڑ روپے کی لاگت سے چار کنال رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے۔ جدید سہولیات سے آراستہ اس کیمپس سے اٹک ریجن کے ١٠ ہزار سے زائد طلبہ و طالبات مستفید ہوں گے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود (تمغہ امتیاز) نے کہا کہ قوم کی حقیقی ترقی کا سفر تعلیم سے شروع ہوتا ہے اور ہر بچے کو تعلیم کے دائرے میں لانا یونیورسٹی کا بنیادی مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے، اس لیے تعلیمی اداروں کو بدلتے ہوئے حالات اور جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا بنیادی فرض طلبہ و طالبات کو تعلیم دینے کے ساتھ ان کی تربیت پر بھی یکساں توجہ دینا ہے تاکہ نوجوانوں کو حقیقی معنوں میں معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکے۔ ان کے مطابق تعلیم اور تربیت دونوں نوجوانوں کی شخصیت سازی اور مستقبل میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری ہیں۔وائس چانسلر نے اٹک کے تعلیمی معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ ہمیشہ علم و ادب کا گہوارہ رہا ہے اور پنجاب و خیبرپختونخوا کے سنگم پر واقع ہونے کے باعث اہم جغرافیائی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں قدرتی وسائل کی فراوانی کے باوجود تعلیم تک رسائی کو مزید آسان بنانے کی ضرورت ہے، جس کے لیے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اپنے وسیع ریجنل نیٹ ورک، معیاری تدریسی مواد، جدید سہولیات اور طلبہ کی رہنمائی کے مؤثر نظام کے ذریعے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی صرف ڈگریاں فراہم کرنے والا ادارہ نہیں بلکہ طلبہ کو عملی زندگی کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے قابل بنانے کے لیے بھی کوشاں ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے فاصلاتی نظام تعلیم کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے اور دنیا کی معتبر جامعات بھی اب اس نظام کو اپنا رہی ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے بتایا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی 1974 میں قائم ہوئی اور اس نے تعلیم کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے ملک میں فاصلاتی نظام تعلیم متعارف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ایشیا کی پہلی جبکہ دنیا کی دوسری فاصلاتی تعلیم کی جامعہ تھی اور گزشتہ نصف صدی کے دوران لاکھوں طلبہ و طالبات اس ادارے سے تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی طلبہ کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان کی سب سے بڑی جامعہ ہے، جہاں تقریباً 11 لاکھ طلبہ زیر تعلیم ہیں جبکہ 50 لاکھ سے زائد افراد یہاں سے تعلیم مکمل کر چکے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ ملک میں 200 سے زائد جامعات ہونے کے باوجود صرف 19 فیصد نوجوان اعلیٰ تعلیم تک رسائی حاصل کر پاتے ہیں۔وائس چانسلر نے ریجنز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی خدمات کا دائرہ مزید وسیع کرے اور زیادہ سے زیادہ افراد کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ اس موقع پر انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان، جو پاکستان بھر میں قائم چوون کیمپسیز کے سربراہ ہیں، کو اٹک میں ریجنل کیمپس کے قیام اور 2013 سے اس کی خدمات کے آغاز پر مبارکباد بھی دی۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے ملک بھر میں 54 ریجنل کیمپس اور مراکز قائم ہیں، جو دور دراز علاقوں میں طلبہ کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔افتتاح کے موقع پر وائس چانسلر کو ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹرورکس اور ڈائریکٹر پلاننگ نے نئے کیمپس کے مختلف شعبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ چار کنال رقبے پر تعمیر ہونے والی عمارت پر 28 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں اور یہ جدید تعلیمی و انتظامی سہولیات سے آراستہ ہے۔عمارت کے گراؤنڈ فلور پر ریجنل ڈائریکٹر کا دفتر، سٹاف دفاتر، طلبہ کی سہولت کے لیے جگہ، کمپیوٹر لیب اور آڈیٹوریم قائم کیے گئے ہیں جبکہ پہلی منزل پر لیکچر تھیٹرز، ٹیوٹوریل رومز، ڈیجیٹل لائبریری، امتحانی ہال، کلاس رومز اور کانفرنس روم شامل ہیں۔ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اپنے وسیع علاقائی نیٹ ورک کے ذریعے ملک کے دور دراز علاقوں تک معیاری تعلیم پہنچانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے عمارت کی بروقت تکمیل اور افتتاحی تقریب کے کامیاب انعقاد میں تعاون کرنے والے متعلقہ ڈائریکٹوریٹس اور شعبوں کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر انھوں نے ضلع کے عوام کے ساتھ ساتھ ریجن کے تمام سابقہ ڈائریکٹرز کو بھی مبارکباد دی انہوں نے کہا کہ اٹک کی تمام تحصیلوں میں تعلیم کے حصول کے خواہشمند افراد کو اس جدید کیمپس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ اعلیٰ تعلیم کے مواقع ان کی دسترس میں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ہر گھر کی دہلیز تک تعلیم پہنچانے کے مشن پر عمل پیرا ہے اور تعلیم کے بغیر ملک و قوم کی ترقی ممکن نہیں۔ریجنل ڈائریکٹر اٹک حسان عبید نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور شرکاء کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات اور علاقے میں تعلیم کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو اجاگر کیا۔تقریب کی نقابت پروفیسر شریف زاہد نے کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، پرنسپل افسران، سینئر ریجنل ڈائریکٹرز، علاقے کے معززین، ممتاز ماہرین تعلیم، ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، مختلف ضلعی انتظامی شعبوں کے سربراہان اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔نئے ریجنل کیمپس کی عمارت اٹک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، طلبہ کو جدید سہولیات کی فراہمی اور تعلیم تک رسائی آسان بنانے کے لیے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف موجودہ طلبہ کو بہتر تعلیمی و انتظامی سہولیات میسر آئیں گی بلکہ علاقے کے مزید نوجوانوں اور تعلیم کے خواہشمند افراد کے لیے اعلیٰ تعلیم کے دروازے بھی کھلیں گے۔
