اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی) دوسرے بین الاقوامی مقابلہ حسنِ قرت 2026 کا اسلام آباد میں آغاز ہوگیا۔ تین روزہ عالمی مقابلے کے پہلے روز 13 ممالک کے ممتاز قرا نے اپنی خوبصورت آوازوں میں تلاوت قرآن کریم پیش کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ اعزاز ہے کہ وہ اس عالمی مقابلے کی میزبانی کر رہا ہے۔ یہ محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ قرآن کریم سے ہماری وابستگی اور اس کی تعلیمات کے فروغ کے عزم کا اظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت قرآن کریم کی تعلیم، ترویج اور تحفظ کو قومی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ قرآن مجید کی طباعت و اشاعت میں اغلاط کے خاتمے کے لیے قانون سازی کی گئی ہے اور ملک بھر میں معیاری نسخے کے نفاذ کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی سطح پر حفظ و قرت کے مقابلوں کے ذریعے نوجوان حفاظ اور قرا کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، جبکہ قرآن و سیرت کے علمی ذخیرے کو محفوظ بنانے کے لیے ڈیجیٹل منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔مقابلے کے پہلے روز کیمرون، جرمنی، عراق، تنزانیہ، ترکیہ، الجزائر، آئیوری کوسٹ، اردن، مراکش، پاکستان، قطر، ٹوگو، تیونس اور ایتھوپیا کے قرا کرام نے تلاوت قرآن کریم پیش کی۔25 نومبر بدھ کے روز انڈونیشیا، ایران، بنگلہ دیش، فرانس، گیمبیا، ملائیشیا، مالدیپ، مالی، فلسطین، فلپائن، مصر، گنی، کینیا، لیبیا، موزمبیق، نائیجیریا، جمہوریہ چاڈ اور ازبکستان سمیت 19 ممالک کے قرا اپنی تلاوت پیش کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسے عالمی اجتماعات امت مسلمہ کے اتحاد، باہمی اخوت اور برادر اسلامی ممالک کے درمیان علمی و روحانی روابط کے فروغ کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے مقابلے کے انعقاد میں حصہ لینے والے منتظمین اور معاون اداروں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
