لاہور (جنرل رپورٹر)پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی جان بچانے والے وینٹی لیٹرز کی شدید قلت، خریداری کے منصوبے سرکاری فائلوں میں الجھ کر رہ گئے۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے حکام نے پبلک اکانٹس کمیٹی کو بتایا ہے کہ ہسپتالوں میں بستروں کے تناسب سے 1600 وینٹی لیٹرز درکار ہیں تاہم ضرورت کے باوجود خریداری کا عمل فنڈز اور انتظامی منظوریوں کی نذر ہو رہا ہے۔حکام کے مطابق گزشتہ مالی سال میں پہلے 150 وینٹی لیٹرز کی خریداری شروع کی گئی، بعدازاں تعداد بڑھا کر 450 کر دی گئی، لیکن فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے فنڈز جاری نہ ہونے کے باعث منصوبہ آگے نہ بڑھ سکا۔ رواں مالی سال میں بھی 450 وینٹی لیٹرز کی خریداری کا عمل دوبارہ شروع کیا گیا اور معاہدے پر دستخط بھی ہو چکے ہیں، مگر اب فارن ایکسچینج الاکیشن کی منظوری رکاوٹ بن گئی ہے۔ اس سلسلے میں فنانس ڈیپارٹمنٹ نے وفاقی حکومت کو خط لکھا ہے، تاہم منظوری تاحال تاخیر کا شکار ہے۔
