کوالالمپور(آئی این پی ) ملائیشیا نے میانمار سے تعلق رکھنے والے 6 ہزار 500 سے زائد تارکین وطن کو آئندہ دسمبر میں وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور پناہ گزینوں کے حامی حلقوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ غیرملکی خبررساںادار ے کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ یکم دسمبر کے بجائے 6 اور 7 دسمبر کو تین بحری جہازوں کے ذریعے تقریبا 1500 میانماری شہریوں کو واپس بھیجا جائے گا، جبکہ مزید 5303 افراد کو طیاروں کے ذریعے میانمار منتقل کیا جائے گا۔ فضائی سفر کے اخراجات میانمار کی حکومت برداشت کرے گی۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ میانمار میں فوجی تنازع، تشدد اور روہنگیا مسلمانوں کو درپیش خطرات کے باعث تارکین وطن کی واپسی ان کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔
