اسلام آباد(پ ر)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے اٹک میں یونیورسٹی کے نئے تعمیر کردہ ریجنل کیمپس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی ملک کے ہر علاقے اور ہر گھر تک تعلیم پہنچانے کے مشن پر گامزن ہے۔ اٹک میں نئے ریجنل کیمپس کا قیام اسی وژن کی عملی کڑی ہے جس سے اٹک اور
گردونواح کے عوام کو اپنے علاقے میں تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی۔وائس چانسلر نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ تعلیم ہر گھر تک پہنچے اور کسی بھی فرد کو فاصلے یا وسائل کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہنا پڑے۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ملک بھر میں اپنے علاقائی نیٹ ورک کو وسعت دے رہی ہے تاکہ دور دراز علاقوں کے طلبہ کو بھی معیاری تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹک ریجنل کیمپس علاقے کے طلبہ کو داخلوں، تعلیمی رہنمائی، امتحانات اور دیگر انتظامی امور میں سہولت فراہم کرے گا۔ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز، ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان نے اپنے خطاب میں ریجنل کیمپسز کی خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کا علاقائی نیٹ ورک طلبہ اور مرکزی یونیورسٹی کے درمیان ایک مثر رابطے کا ذریعہ ہے۔ علاقائی دفاتر طلبہ کو تعلیمی و انتظامی سہولیات ان کے اپنے علاقوں میں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل کے حل میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔تقریب میں یونیورسٹی کے ڈینز، پروفیسرز ،پرنسپل افسران اور مختلف ریجنل کیمپسز کے ڈائریکٹرز،ضلعی انتظامیہ کے مختلف اداروں کے سربراہان، مقامی کالجز کے پرنسپلز، اساتذہ، طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ محمد فہیم اسلم نے وائس چانسلر کو نئے تعمیر کردہ اٹک ریجنل کیمپس کی عمارت، تعمیراتی مراحل اور دستیاب سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
