لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی زیرصدارت پولیس ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل آئی جیز، ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی، تمام شعبوں اور فیلڈ یونٹس کے سربراہان، ڈی آئی جیز، اے آئی جیز سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پولیس سٹیشنز کی جانب سے فوری رسپانس، موثر سپر وژن، قانون کی عملداری اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ پولیس ملازمین کے عرصہ پروبیشن، سروس رولز سے متعلق انتظامی و پالیسی امور اور قوانین میں ترامیم کے معاملات بھی زیر غور آئے۔ اجلاس میں پولیس ویلفیئر، سروس سٹرکچر اور دیگر انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ آبادیوں کے پھیلا کے پیش نظر پولیس سٹیشنز اور چیک پوسٹوں کی تعمیر و اپ گریڈیشن اور مختلف ترقیاتی سکیموں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مختلف یونٹس کے سربراہان نے ایجنڈے میں شامل امور پر اپنی ٹھوس تجاویز اور مشاہدات پیش کیے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران انتظامی امور کی موثر انجام دہی یقینی بنائیں اور ترقیاتی منصوبے مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے اجلاس میں زیر بحث آنے والی تجاویز کو مزید بہتر اور اَپ گریڈ کرکے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی کہ اہم پالیسی امور پر موثر فیصلہ سازی کے لیے پولیس ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن، ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی، کمانڈنٹ پی سی، ایڈیشنل آئی جی رائٹ مینجمنٹ پولیس، کمانڈنٹ ایس پی یو، ڈی آئی جی ٹیلی اینڈ ٹرانسپورٹ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز، ڈی آئی جی سپیشل برانچ، ایس ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹرز، آر پی او راولپنڈی، سی پی او راولپنڈی، سی پی او ملتان، ڈی پی او مری سمیت دیگر افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
