اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) اسلام آباد میں مکہ دفاعی معاہدے کی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سعودی عرب کی سلامتی کیلئے کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا۔ سعودی عرب اور ترکیے کے وفود نے وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی جس میں خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کی سلامتی یقینی بنانے کیلئے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا جبکہ مکہ دفاعی معاہدے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ اسلام آباد میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی سٹریٹجک پولیٹکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس کے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا کہ کمیٹی نے خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور تینوں ممالک کی جانب سے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اجتماعی طور پر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ کمیٹی نے جاری سیاسی اور عسکری مشاورت کے نتائج کا بھی جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون و ہم آہنگی بڑھانے، علاقائی کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی حمایت کرنے اور مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کی حوصلہ افزائی کے لیے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے سعودی عرب میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حوثی ملیشیا کے مسلسل اور گھناؤنے حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا اور معاہدے کی اجتماعی دفاعی شقوں کے مطابق مملکت کی سلامتی کے تحفظ میں اس کی حمایت کے لیے اپنی اجتماعی کوششیں جاری رکھنے اور انہیں مزید تیز کرنے کے عزم کو دہرایا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ فریقین نے مشترکہ سکیورٹی خدشات سے نمٹنے اور خطے میں امن و سلامتی میں کردار ادا کرنے کے لیے اپنی مسلح افواج کی اجتماعی صلاحیتوں اور ہم آہنگی کو بڑھانے کی غرض سے دفاعی صنعتوں، مشترکہ تکنیکی ترقی، تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ تینوں ممالک نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، اجتماعی دفاع اور باہمی یکجہتی کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔وزارت خارجہ کے اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں تینوں ممالک نے ایک دوسرے کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کے عزم کا اعادہ کیا، مکہ دفاعی اتحاد کے پہلے اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد میں پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا، اتحاد کو ادارہ جاتی شکل دینے اور اجتماعی دفاعی وعدوں پر عملی عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔مشترکہ اعلامیہ کے مطابق سعودی عرب میں مکہ دفاعی اتحاد کے سیکریٹریٹ کے قیام اور فعال بنانے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، سعودی عرب میں اتحاد کے سیکریٹریٹ کا قیام ادارہ جاتی امور اور موثر رابطہ کاری کے لیے اہم ہے۔تینوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے امور پر سیاسی اور عسکری مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا، علاقائی کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔اجلاس میں سعودی عرب میں حوثی ملیشیا کے شہریوں اور شہری تنصیبات پر مسلسل حملوں کی شدید مذمت کی گئی، سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے لیے اجتماعی دفاعی معاہدے کے تحت کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔دفاعی صنعت، مشترکہ ٹیکنالوجی، تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا، تینوں ممالک کی مسلح افواج کی مشترکہ صلاحیتوں اور باہمی ہم آہنگی میں اضافے کے عزم کا اعادہ کیا۔مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ مکہ دفاعی اتحاد کا مقصد مشترکہ سلامتی کے خدشات سے نمٹنا اور خطے میں امن و استحکام کا فروغ ہے۔اجلاس کے بعد بعد مشترکہ اعلامیہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے، باہمی دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لئے مذاکرات اور سفارتکاری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، اجلاس میں تینوں برادر ممالک نے خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور مشترکہ دفاع، باہمی یکجہتی اور ایک دوسرے کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے احترام سمیت مکہ دفاعی معاہدہ کے اصولوں اور مقاصد سے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کی، سعودی عرب کے اعلی سطح کے وفد میں وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود اور سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمد الرویلی شامل تھے جبکہ ترکیہ کے وفد میں وزیر خارجہ حاقان فیدان، وزیر قومی دفاع یاسر گولر اور چیف آف جنرل سٹاف جنرل سلچوک بائرکتار اوغلو شریک ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور تینوں ممالک نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لئے مشترکہ طور پر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، تینوں ممالک نے مشترکہ دفاع، باہمی یکجہتی اور ہر ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام سمیت مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع کے اصولوں اور مقاصد سے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں مکہ اتحاد برائے دفاع کے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور مملکت سعودی عرب میں سیکرٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کے سلسلے میں ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ اجلاس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون اور رابطہ کاری کو مزید فروغ دینے، خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی حمایت اور تنازعات کے پرامن حل کے لئے مذاکرات اور سفارتکاری کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ تینوں ممالک نے سعودی عرب میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو حوثی ملیشیا کی جانب سے مسلسل اور گھنانے حملوں کی شدید مذمت کی اور مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع کی اجتماعی دفاع سے متعلق شقوں کے مطابق مملکت سعودی عرب کی سلامتی،خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لئے اس کی حمایت میں کوششیں جاری رکھنے اور مزید تیز کرنے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ اجلاس میں دفاعی صنعتوں، مشترکہ تکنیکی ترقی، تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ تینوں ممالک کی مسلح افواج کی مشترکہ صلاحیتوں اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے، مشترکہ سکیورٹی خدشات سے نمٹا جا سکے اور خطے میں امن و سلامتی کے قیام میں کردار ادا کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اجلاس تین برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور یکجہتی کے مضبوط رشتوں کی علامت ہونے کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا مظہر بھی ہے۔قبل ازیںنائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فیدان سے ملاقات ہوئی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ ملاقات مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر ہوئی، دونوں رہنماں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے مضبوط سیاسی تعلقات کو عملی اقتصادی فوائد میں تبدیل کیا جائے گا اور دونوں وزرائے خارجہ نے مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع کے تحت قریبی رابطے اور تعاون برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔دوسری جانب ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فیدان نے پاکستان کی جانب سے پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔
مکہ دفاعی اتحاد
