لاہور (خبر نگار)گریٹر اقبال پارک میں پارکنگ سٹینڈ کے مبینہ سکینڈل کی بازگشت ابھی تھمی نہیں تھی کہ
پارک انتظامیہ کی مبینہ کرپشن، اقربا پروری اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کا ایک اور سنگین معاملہ سامنے آ گیا، جہاں بھوت بنگلہ، کشتی رانی، گالف کار، جمپنگ جھولے اور سٹار جھولے سمیت کروڑوں روپے مالیت کی منافع بخش تفریحی سرگرمیاں گزشتہ چھ ماہ سے مبینہ طور پر بغیر باقاعدہ اوپن ٹینڈر، عارضی اجازت ناموں کی آڑ میں چلائی جا رہی ہیں، جس نے پارک انتظامیہ کی شفافیت اور مالی معاملات پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔70 لاکھ روپے سے زائد فی آئٹم سابقہ ٹھیکہ، مبینہ طور پر 25 سے 30 لاکھ روپے موجودہ آمدن۔ ذرائع کے مطابق ماضی میں کشتی رانی، گالف کار، بھوت بنگلہ سمیت مختلف تفریحی آئٹمز کے ٹھیکے 70 لاکھ روپے سے زائد فی آئٹم میں نیلام ہوتے رہے، تاہم مبینہ طور پر اب انہی سرگرمیوں سے حاصل ہونے والی آمدن 25 سے 30 لاکھ روپے تک محدود ہو کر رہ گئی ہے، جس سے سرکاری ریونیو میں بھاری کمی اور قومی خزانے کو کروڑوں روپے کے نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ذرائع کا دعوی ہے کہ ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اور پارک کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کی مبینہ ملی بھگت سے گزشتہ نصف سال سے باقاعدہ ٹینڈرز جاری نہیں کیے جا رہے، جبکہ بھاری بولیاں دینے کے لیے تیار متعدد ٹھیکیداروں کو جان بوجھ کر مقابلے کے عمل سے باہر رکھا جا رہا ہے۔ مبینہ طور پر 15، 15 روز کے عارضی اجازت نامے جاری کرکے من پسند افراد کو کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کا موقع دیا جا رہا ہے، جس سے ٹینڈرنگ کا شفاف نظام بے معنی ہو کر رہ گیا ہے۔مبینہ طور پر چند لاکھ روپے کی سرکاری فیس پر منافع بخش کاروباری سرگرمیاں مخصوص افراد کے حوالے کرنے کے پیچھے بھاری کمیشن اور نذرانوں کی وصولی کا شبہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ اگر ان سرگرمیوں کے باقاعدہ اوپن ٹینڈرز کرائے جائیں تو سرکاری خزانے کو کہیں زیادہ آمدن حاصل ہو سکتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ جب مارکیٹ میں ٹھیکیدار بھاری بولیاں دینے کے لیے تیار ہیں تو چھ ماہ سے ٹینڈرز روکنے کی آخر کیا وجہ ہے، اور عارضی اجازت ناموں کی مسلسل تجدید کس کے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے؟پارک کے ریونیو میں مبینہ کمی، ٹینڈرز کی مسلسل بندش اور عارضی اجازت ناموں کے ذریعے کاروبار چلانے کے الزامات نے انتظامیہ کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ عوامی و سماجی حلقوں نے پی ایچ اے کے اعلی حکام، محکمہ اینٹی کرپشن اور متعلقہ تحقیقاتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ گریٹر اقبال پارک کے تمام تفریحی ٹھیکوں، عارضی اجازت ناموں، وصول شدہ سرکاری فیس اور گزشتہ چھ ماہ کے مالی ریکارڈ کا فوری فرانزک آڈٹ کرایا جائے، ٹینڈرز روکنے کے ذمہ دار افسران کا تعین کرکے کارروائی کی جائے اور قومی خزانے کو مبینہ نقصان پہنچانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ تاریخی گریٹر اقبال پارک عوامی تفریح اور قومی ورثے کی علامت ہے، کسی افسر یا من پسند ٹھیکیدار کی ذاتی کمائی کا ذریعہ نہیں؛ اگر الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ محض انتظامی غفلت نہیں بلکہ عوامی وسائل کے ساتھ سنگین زیادتی ہے۔
