راولپنڈی (سٹی رپورٹر)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نےٹرانسپورٹ کرایوں میں مزید کمی کر دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایات پر سیکرٹری آر ٹی اے راولپنڈی نے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ اجلاس کے بعد نئے کرایوں کا تعین کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 11 نومبر سے اب تک پٹرول سے چلنے والی مسافر گاڑیوں کے کرایوں میں مجموعی طور پر 16 فیصد جبکہ ڈی کلاس اڈوں اور جنرل بس اسٹینڈ پیرودھائی سے چلنے والی ڈیزل گاڑیوں کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کی جا چکی ہے۔ اسی طرح گڈز ٹرانسپورٹ کے فریٹ ریٹس بھی مجموعی طور پر 16 فیصد کم کر دیے گئے ہیں۔ نئے کرایوں کے شیڈول تمام متعلقہ مقامات پر آویزاں کر دیے گئے ہیں، تاہم مقررہ کرایوں سے زائد وصولی کی شکایات پر انتظامیہ نے شہریوں کو ہیلپ لائن 1071 پر اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرایوں میں حالیہ کمی کا مقصد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچانا اور ٹرانسپورٹرز کی جانب سے زائد کرایوں کی وصولی روکنا ہے۔
