اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کے خلاف بی بی سی کی ایک اور پروپیگنڈہ خبر من گھڑت قرار دیدی گئی۔ بی بی سی کی 9، 10 اپریل کی درمیانی شب کے واقعات پر خبر آئی ایس پی آر نے بےبنیاد اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیدی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بی بی سی اردو کی آج شائع ہونے والی خبر مکمل طور پر بےبنیاد اور جھوٹ کا پلندہ ہے، بی بی سی کی روایتی پروپیگنڈہ خبر میں کئی حقائق نظرانداز کئے گئے، خبر میں متعلقہ ضروری سورسز اور صحافتی اخلاقیات نظر انداز کی گئیں، خبر پاکستان کیخلاف جاری ڈس انفارمیشن کا حصہ ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی حکام معاملہ بی بی سی کی انتظامیہ کے سامنے اٹھائیں گے، بی بی سی ماضی میں بھی حقائق کے برعکس خبریں دے چکا ہے، ماضی میں متعدد خبروں پر عالمی سطح پر بی بی سی کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے، برطانوی ٹیکس گزاروں کے پیسے سے چلنے والے بی بی سی کو بھاری جرمانے ادا کرنے پڑے، بی بی سی کی کئی خبریں بے بنیاد پروپیگنڈہ پر مبنی اور حقائق کے برعکس تھیں۔
