لاہور: (ویب ڈیسک) چینی کی قیمت نے عوام کو چکرا دیا، مارکیٹ میں 3 مختلف نرخوں پرچینی بیچی جا رہی ہے، مختلف مقامات پر 70 سے 90 روپے فی کلو چینی دستیاب ہے، چینی کہاں سے خریدیں اور کہاں سے نہیں، عوام چکرا گئے۔
چینی کی مختلف قیمتوں پر عوام الجھن کا شکار ہیں۔ عام مارکیٹ میں سرکاری ریٹ 90 روپے فی کلو پر چینی فروخت کی جا رہی ہے، سستے رمضان بازاروں 10 روپے کمی سے چینی کی قیمت 80 روپے کلو مقرر کی گئی۔ سستے رمضان بازار میں ایک شناختی کارڈ پر صرف 2 کلو چینی فراہم کی جا رہی ہے۔
یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی کی قیمت 85 روپے فی کلو تھی تاہم وفاقی حکومت نے چینی مزید 15 روپے فی کلو سستی کر دی، اب نئے ریٹ 70 روپے فی کلو پر فروخت شروع ہو گئی ہے۔ اس کی خریداری کے لئے شناختی کارڈ کی شرط لازم ہے۔
صوبائی حکومت کے سستے بازاروں میں تاحال 80روپے کلو چینی بیچی جا رہی ہے، وفاقی حکومت نے سستے بازاروں میں بھی چینی 70روپے کلو فروخت کرنے کی ہدایات دی ہیں، چینی کے نرخ کم ہونے پرعوام مطمئن دکھائی دیئے، کہتے ہیں اگرعام دکانوں پر ہی چینی سستی کردی جائے تو یوٹیلٹی سٹورز اور سستے بازاروں کی قطاروں میں نہ لگنا پڑے۔
چینی کے نرخ گزشتہ 3 برس سے عوام اور انتظامیہ کے لئے درد سر بنے ہوئے ہیں اور مناسب ریٹ پر چینی فراہم کرنے کی کوشش بدستور جاری ہے۔