اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے حکومت کو سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کا مقدمہ آج ہی درج کرنے کا حکم دے دیا۔
چيف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 5 رکنی لارجر بینچ ارشد شریف کے قتل سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کررہا ہے۔
دوران سماعت چيف جسٹس نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ کا انسانی حقوق سیل ارشدشریف کی والدہ کےخط پر کام کررہا ہے، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو واپس آئے کافی عرصہ ہو گیا، حکومتی کمیشن کی حتمی رپورٹ تاحال سپریم کورٹ کو کیوں نہیں ملی؟
چیف جسٹس کے استفسار پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ جب رپورٹ آئی وزیر داخلہ فیصل آباد میں تھے، رانا ثناء اللہ کے دیکھنے کے بعد رپورٹ سپریم کورٹ کو دی جائے گی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی بات پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا وزیر داخلہ نے رپورٹ تبدیل کرنی ہے؟ وزیرداخلہ کو ابھی بلا لیتے ہیں، تحقیقاتی رپورٹ تک رسائی سب کا حق ہے، صحافی قتل ہو گیا، سامنے آنا چاہیے کہ کس نے قتل کیا۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ کل تک رپورٹ سپریم کورٹ ميں جمع کروادیں گے، جس پر چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ 43 دن سے رپورٹ کا انتظار کررہے ہیں، آج جمع کرائیں تاکہ کل اس پر سماعت ہو سکے۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، 5 رکنی بینچ حالات کی سنگینی کی وجہ سے ہی تشکیل دیا ہے، صحافیوں کے ساتھ کسی بھی صورت بدسلوکی برداشت نہیں کی جائے گی، کوئی غلط خبر دیتا ہے تو اس حوالے سے قانون سازی کریں۔