اسلام آباد : (ویب ڈیسک) چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس میں کہا ہے کہ توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن کے نااہلی فیصلے کے خلاف درخواست پر جلد فیصلہ کردیں گے جبکہ عدالت نے حتمی دلائل کیلئے 13 دسمبر کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کے نااہلی کے فیصلے کیخلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی، عمران خان کے وکیل علی ظفر اور الیکشن کمیشن کے وکلا عدالت میں پیش، جبکہ مسلم لیگ ن کے محسن شاہ نواز رانجھا بھی وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے محسن شاہ نواز رانجھا سے استفسار کیا کہ آپ کا ریفرنس کیا تھا، محسن شاہ نواز رانجھا نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے درخواست اسپیکر قومی اسمبلی کو دی تھی، اسپیکر قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجا تھا۔
عمران خان کے وکیل علی ظفر نے عدالت میں مؤقف پیش کرتے ہوئے استدعا کی کہ عدالت اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو مزید کوئی ایکشن لینے سے روکے، الیکشن کمیشن نے فوجداری کارروائی کے لیے کمپلینٹ فائل کی ہے، اور پارٹی سربراہ کو ہٹانے سے متعلق بھی کارروائی شروع کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن کے نمائندے نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ عدالت نے الیکشن کمیشن کو پہلے ہی روک رکھا ہے، کوئی کارروائی آگے نہیں بڑھا رہے۔ عمران خان کے وکیل علی ظفر نے کہا کہ کمیشن نے 13 دسمبر کیلئے ایک اور نوٹس جاری کیا ہےعدالت اسے روک دے۔