تازہ تر ین

میرادل مطمئن ، گمان نہیں تھا کہ اتنی شہرت ملے گی، وائرل ویڈیو میں موجود پاکستانی بزرگ کی کہانی

لاہور : (ویب ڈیسک) مسجد نبوی میں گھومتے ایک پاکستانی بزرگ چرواہے میں لوگوں کی دلچسپی اس وقت بڑھ گئی جب ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
گزشتہ ہفتے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عرب میڈیا اور سوشل میڈیا پر ہاتھ میں لاٹھی تھامے، ننگے پاؤں چلتے باریش بزرگ کی ویڈیوز وائرل ہوئیں، جنہیں مسجد نبوی ﷺ کے احاطے میں پریشان انداز میں گھومتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
مذکورہ بزرگ شخص کی مسجد کے احاطے میں چلنے کی ویڈیوز ابتدائی طور پر عرب سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، عرب سوشل میڈیا صارفین ان کی سادہ صورت سے متاثر ہوئے، کچھ نے ان کی سادگی اور عاجزی کا موازنہ بزرگان دین سے کیا۔
ویڈیوز وائرل ہونے پر بعض لوگوں نے انہیں عرب جبکہ بعض نے انہیں افغانی نژاد شخص قرار دیا، تاہم درحقیقت وہ بزرگ شخص پاکستانی تھے۔
عرب میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے بزرگ شخص کا تعلق بلوچستان کے ضلع حب کے چھوٹے سے گاؤں گوٹھ حاجی محمد رحیم مری سے ہے ، بزرگ شخص کی عمر 82 برس ہے اور ان کا نام عبدالقادر بخش مری ہے جن کی مادری زبان بلوچی ہے اور ان کے پانچ بیٹے ہیں۔
انہوں نے عرب میڈیا کو بتایا کہ وہ انتہائی غریب ہیں، ان کے پاس اپنا مکان تک نہیں جب کہ انہیں عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے لیے 15 سال تک پیسے جمع کرنے پڑے۔
انہوں نے بتایا کہ عمرے کے لیے پیسوں کا انتظام کرنے کے لیے پہلے مویشی خریدے، انہیں پالا اور پھر انہیں فروخت کرکے ان سے حاصل ہونے والے پیسوں سے ویزا اور سعودی عرب کا ٹکٹ لیا۔
عبدالقادرکا کہنا تھا کہ مجھے ایسا لگتا ہے جیسے میری تمام پریشانیاں ختم ہو گئی ہیں، میرا دل مطمئن ہے ، مجھے رزق کی بھی کمی نہیں ہے، میں خوش ہوں کیونکہ میری روضہ رسول اور مکہ مکرمہ کی زیارت کی خواہش پوری ہو گئی ہے۔
82 سالہ بزرگ کا کہنا تھا کہ ’اگر مجھے شہرت ملی ہے تو اس میں میرا کوئی کمال نہیں ہے بلکہ یہ سب کچھ اللہ کے کرم اور ان کے پیغمبر کے روزے پر حاضری کے باعث ممکن ہوا۔
عبدالقادر مری کہتے ہیں کہ ان کی عمرے کی خواہش تو پوری ہوئی اب ان کی دعا ہے کہ زندگی کی خاتمے سے پہلے حج کی خواہش بھی پوری ہو جائے۔
خیال رہے کہ اس ویڈیو کو اب تک سوشل میڈیا پر دس لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain