تازہ تر ین

عازمین حج کی تربیت، وزارت مذہبی امور کے ملازمین کی 3 چھٹیاں منسوخ

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) عازمین حج کی تربیت کے سلسلہ میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے ملازمین کی 3 چھٹیاں منسوخ کر دیں۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود کے زیر صدارت وزارت مذہبی امور میں اجلاس ہوا جس میں حج انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر انہوں نے ملازمین کی آئندہ 3 چھٹیاں ( ہفتہ، اتوار، پیر) منسوخ کرنے کی ہدایت کی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق اجلاس کے دوران وزیر مذہبی امور کو حج انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس میں حاجی کیمپوں کے ذریعے عازمین حج کی تربیت، معاونین حج کے انتخاب اور نجی حج سکیم سمیت متعدد امور زیر غور آئے۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ عازمینِ حج مناسک اور انتظامی امور اچھی طرح سیکھ اور سمجھ کر جائیں، انہوں نے ہدایت کی کہ تربیتی مواد میں خواتین کی تربیت اور مخصوص مسائل پر بھی خصوصی توجہ دی جائے، تمام حاجی کیمپ خواتین رضاکار، ماسٹر ٹرینرز کے ذریعے خواتین عازمینِ حج کی تربیت کو یقینی بنائیں۔
طلحہ محمود نے کہا کہ مرد عازمینِ حج اپنے ہمراہ جانے والی خواتین کی حج تربیت پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں اور تحصیل اور ضلعی سطح پر حج تربیت کا اہتمام موجود ہے، عازمین تربیت لازمی حاصل کریں، انہوں نے کہا کہ عازمینِ حج سمارٹ فون، موبائل ڈیٹا، لوکیشن سروس اور سعودی موبائل ایپ سے آگہی حاصل کریں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی حجاج مشاعر مقدسہ کے احترام کے پیش نظر وہاں صفائی پر خصوصی توجہ دیں، سعودی عرب میں رہنمائی کے لیے لوکل اور پاکستانی معاونین حج موجود ہوں گے، عازمین ان کی ہدایات پر عمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ حج سکیم کے عازمین صرف وزارت کی منظور شدہ حج کمپنیوں کے ذریعے حج کی بکنگ کرائیں، سوشل میڈیا پر سستے حج کے اعلانات سے محتاط رہیں، حج بکنگ سے قبل وزارت کی ویب سائٹ سے تصدیق کرلیں، ان کا کہنا تھا کہ حج کے موقع پر معاونین حج کی کارکردگی کا وہ خود جائزہ لیں گے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain