تازہ تر ین

گجرات کے عالم دین کو ممبئی میں گرفتار کرلیا گیا

ایودھیا میں رام مندر کے افتتاح کے بعد انتہا پسندی کی نئی لہر کے دوران بھارت میں ایک مسلم عالم دین کو نفرت پھیلانے والی تقریر کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔

مغربی ریاست گجرات کی پولیس نے اتوار کو مفتی سلمان ازہری کو ممبئی میں گرفتار کرکے گھاٹکوپر پولیس اسٹیشن کے حوالات منتقل کیا۔

حراست میں لیے جانے پر مفتی سلمان ازہری کے سیکڑوں حامی اور معتقدین گھاٹکوپر پولیس اسٹیشن کے باہر جمع ہوگئے اور مفتی سلمان ازہری کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

مفتی سلمان ازہری کے حامیوں کے احتجاج کے باعث علاقے میں ٹریفک جام ہوگیا۔ صورتِ حال قابو میں رکھنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری طلب کی گئی۔

مفتی سلمان ازہری کے خطاب پر مبنی ایک وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر جونا گڑھ پولیس نے ہفتے کو دو افراد کو حراست میں لیا۔

مفتی سلمان ازہری نے یہ تقریر 31 جنوری کی رات جونا گڑھ کے بی ڈویژن پولیس اسٹیشن سے ملحق میدان میں منعقدہ تقریب کے دوران کی تھی۔

اس تقریر کی وڈیو وائرل ہونے پر مفتی سلمان ازہری، مقامی منتظمین محمد یوسف ملک اور اعظم حبیب اودیدارا کے خلاف شر انگیزی پھیلانے کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی۔

گھاٹکوپر پولیس اسٹیشن میں مفتی سلمان ازہری سے ملاقات کے بعد آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے رہنما وارث پٹھان نے کہا کہ مفتی سلمان ازہری نے بتایا ہے کہ انہوں نے ایسا کچھ نہیں کہا جس سے کسی کے جذبات بھڑکنے کا اندیشہ ہو۔ مفتی سلمان کا اپنے معتقدین اور عام مسلمانوں سے کہنا ہے کہ وہ جذبات قابو میں رکھیں اور قانون ہاتھ میں نہ لیں۔ وارث پٹھان کے بقول پولیس بھی کہہ رہی ہے کہ صورتِ حال قابو میں ہے۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain