سعودی عرب نے چار ہفتوں میں 49 ہزار 500 سے زائد غیر قانونی مقیم افراد کو ملک بدر کر دیا
سعودی وزارتِ داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چار ہفتوں کے دوران ملک بھر میں غیر قانونی رہائش، لیبر اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں، جن کے نتیجے میں 49 ہزار 500 سے زائد غیر قانونی مقیم افراد کو ملک بدر کر دیا گیا۔
وزارت کے مطابق اس عرصے میں لاکھوں افراد کی دستاویزات کی جانچ کی گئی جبکہ ہزاروں خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد میں وہ لوگ بھی شامل تھے جو بغیر قانونی ویزا یا اقامہ کے سعودی عرب میں مقیم تھے یا جنہوں نے ملازمت اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کو ان کے آبائی ممالک واپس بھیجنے کا عمل جاری ہے، جبکہ خلاف ورزیوں میں ملوث افراد اور سہولت کاروں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
سعودی وزارتِ داخلہ نے شہریوں اور مقیم افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف قانونی طریقے سے ملازمین کی خدمات حاصل کریں اور کسی بھی غیر قانونی رہائشی یا قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے شخص کو پناہ دینے، ملازمت فراہم کرنے یا نقل و حمل میں مدد دینے سے گریز کریں، کیونکہ ایسا کرنے والوں کو بھی بھاری جرمانوں، قید اور دیگر قانونی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
