ایران اور عمان کا آبنائے ہرمز کے لیے نئے داخلی و خارجی راستوں پر اتفاق
ایران اور عمان نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے نئے داخلی اور خارجی راستوں کی تفصیلات پر اتفاق کرلیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق ان نئے راستوں کی تفصیلات خطے کے دیگر خلیجی ممالک کو بھی آگاہ کی جائیں گی۔
رپورٹس کے مطابق اس پیش رفت کا مقصد آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو منظم کرنا اور جہازوں کے محفوظ گزرنے کے لیے ایک نیا انتظام قائم کرنا ہے۔ دونوں ممالک کی جانب سے طے کیے گئے راستوں کی تفصیلات مسقط میں ہونے والے علاقائی اجلاس میں خلیجی ممالک کے سامنے پیش کی جائیں گی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث عالمی شپنگ اور تیل کی سپلائی شدید متاثر ہوئی ہے۔ تاہم تازہ اطلاعات کے مطابق ایران اور عمان کے درمیان سمجھوتا فوری طور پر آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کا معاہدہ نہیں ہے، بلکہ مستقبل میں بحری راستہ کھولنے کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔
آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین توانائی کے راستوں میں شمار ہوتی ہے، اس لیے نئے بحری راستوں پر اتفاق کو عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

