لاہور: پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور اولمپیئن خالد محمود طویل علالت کے بعد 84 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ان کے صاحبزادے کے مطابق خالد محمود کی نمازِ جنازہ آج فیصل آباد میں ادا کی جائے گی۔
خالد محمود 28 دسمبر 1941 کو جہلم میں پیدا ہوئے اور پاکستان کی کامیاب ہاکی ٹیموں کا حصہ رہے۔ وہ قومی ٹیم میں رائٹ آؤٹ کی پوزیشن پر کھیلتے تھے۔
انہوں نے 1964 کے ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کی، جہاں قومی ٹیم نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ اس کے بعد 1966 کے ایشین گیمز میں بھی پاکستان نے سلور میڈل جیتا اور خالد محمود ٹیم کا حصہ تھے۔
خالد محمود کے کیریئر کا اہم ترین لمحہ 1968 کے میکسیکو اولمپکس میں آیا، جہاں پاکستان نے ہاکی کا طلائی تمغہ حاصل کیا اور وہ فاتح ٹیم کا حصہ تھے۔ 1970 کے بنکاک ایشین گیمز میں بھی انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کی، جہاں قومی ٹیم نے گولڈ میڈل جیتا۔
قومی ہاکی ٹیم کی نمائندگی کے علاوہ خالد محمود نے پاکستان ہاکی میں انتظامی ذمہ داریاں بھی انجام دیں اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری اور قومی ٹیم کے منیجر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دیں۔

