پاکستان کے نوجوان ٹینس کھلاڑی احتشام ہمایوں نے تیونس کے شہر میگرین میں منعقدہ ورلڈ ٹینس جونیئر چیمپئن شپ میں J60 ڈبلز ٹائٹل جیت کر ملک کا نام روشن کردیا۔
احتشام ہمایوں نے سوئٹزرلینڈ کے جوشوا اولیور زاپ کے ساتھ جوڑی بنائی اور ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پیش کیا۔ پاکستانی-سوئس جوڑی نے فائنل میں مراکش کے زید احفر اور الجزائر کے یاسین میغاری کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-4، 6-2 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
احتشام اس وقت ایس اکیڈمی پاکستان (Ace Academy Pakistan) میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ ان کی یہ کامیابی پاکستان کے نوجوان ٹینس ٹیلنٹ اور بین الاقوامی سطح پر بہتر تربیت و مقابلوں کے بڑھتے مواقع کی عکاسی کرتی ہے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن (PTF) کے صدر اعصام الحق قریشی اور سیکرٹری جنرل کرنل (ر) ضیاء الدین طفیل نے احتشام ہمایوں کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کی محنت، لگن اور عزم کو سراہا۔
یہ کامیابی احتشام کے لیے حالیہ بین الاقوامی مقابلوں میں ایک اور اہم پیش رفت ہے، خصوصاً اس سے قبل وہ تیونس کے ITF J30 اکاؤڈا میں ڈبلز کا سلور میڈل بھی جیت چکے ہیں۔

