پاکستان ٹرافی جیتنے کی صلاحیت رکھتا ہے: وہاب ریاض
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور مینٹور وہاب ریاض نے بھارت کے ہاتھوں شکست کے باوجود ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی ٹرافی جیتنے کی امید برقرار رکھی ہے۔
ویمنز ایشیا کپ 2026 کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی، جبکہ پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 55 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ بھارت نے مطلوبہ ہدف صرف 8.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
شکست کے بعد پریس کانفرنس میں وہاب ریاض نے کہا کہ ٹیم کی تمام کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور انہیں صرف خود پر اعتماد کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم بھارت کے خلاف ہونے والی غلطیوں کا جائزہ لے گی اور آئندہ میچ میں انہیں دہرانے سے گریز کرے گی۔
وہاب ریاض نے پُراعتماد انداز میں کہا کہ وہ اب بھی پاکستان کو ایشیا کپ کی ٹرافی جیتنے کے لیے بہترین ٹیم سمجھتے ہیں کیونکہ متحدہ عرب امارات کے حالات قومی ٹیم کے لیے موزوں ہیں۔
پاکستان کا اگلا اہم مقابلہ ہانگ کانگ ویمنز کے خلاف ہے، جہاں ٹیم کو اپنی پوزیشن بہتر بنانے اور ٹورنامنٹ میں واپسی کے لیے کامیابی درکار ہوگی۔

