لاہور (جنرل رپورٹر)پنجاب ایجوکیشن انیشی ایٹوز
مینجمنٹ اتھارٹی (پیما)میں مینجمنٹ سکیل پر بھرتیوں کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ دستاویزات کے مطابق پیما میں مجموعی طور پر 53افسران اور ملازمین بھرتی کرنے کی تجویز ہے جبکہ اتھارٹی کی 70 فیصد سے زائد منظور شدہ آسامیاں پہلے ہی خالی ہیں۔ محکمہ خزانہ کے اعتراض کے بعد مجوزہ بھرتیوں کو دو مراحل میں تقسیم کردیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 32 ضروری آسامیاں پر کرنے کی مشروط حمایت کی گئی ہے، جن میں 6 ڈائریکٹرز، ایک ڈیٹا اینالسٹ، ایک ڈیٹا انجینئر، ایک چیف آڈٹ آفیسر، 14 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور 9 اسسٹنٹس شامل ہیں۔ پہلے مرحلے کی بھرتیوں پر 11 کروڑ 5 لاکھ 50 ہزار روپے خرچ ہونے کا تخمینہ ہے۔دوسرے مرحلے میں 12 ڈپٹی ڈائریکٹرز اور 9 اسسٹنٹس کی بھرتی زیر غور ہے، تاہم دوسرے مرحلے کی بھرتیاں کام کے بوجھ اور عملی ضرورت سے مشروط ہوں گی۔ تمام 53 آسامیوں پر بھرتی کی صورت میں مالی اثر 14 کروڑ 38 لاکھ 50 ہزار روپے ہو گا۔ دستاویزات کے مطابق 6 ڈائریکٹرز کو ساڑھے 7 لاکھ روپے فی کس ماہانہ تنخواہ پر بھرتی کرنے کی تجویز ہے، جبکہ ڈیٹا اینالسٹ اور ڈیٹا انجینئر کو ساڑھے 3 لاکھ روپے فی کس ماہانہ پیکیج دیا جائے گا۔ چیف آڈٹ آفیسر کے لیے بھی ساڑھے 3 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ تجویز کی گئی ہے۔
