بھارت کی ویمنز کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر ویمنز ایشیا کپ 2026 کا ریکارڈ آٹھواں ٹائٹل جیت لیا، تاہم ٹرافی کی تقریب نے نیا تنازع کھڑا کردیا۔
ایشین کرکٹ کونسل (ACC) کے صدر محسن نقوی ٹرافی دینے کے لیے اسٹیج پر موجود تھے، لیکن بھارتی ٹیم ٹرافی وصول کرنے کے لیے تقریب میں نہیں آئی۔ بھارتی کھلاڑیوں نے فاتح ٹیم کی ٹرافی اور میڈلز وصول نہیں کیے۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) نے تقریب سے قبل ہی ACC کو اپنے مؤقف سے آگاہ کردیا تھا۔ بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ امول مزمدار نے بھی بعد میں BCCI کے فیصلے کی حمایت کی۔
یہ واقعہ گزشتہ سال کے ایشیا کپ میں پیش آنے والے واقعے کی یاد تازہ کر گیا، جب بھارتی مردوں کی ٹیم نے بھی محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی۔

