چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ملاقات میں آبنائے ہرمز کو جلد از جلد دوبارہ کھولنے پر زور دیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق بیجنگ ایران اور امریکا پر زور دے رہا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور مذاکرات کے ذریعے کشیدگی کم کریں۔
وانگ یی نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں آزادانہ اور محفوظ جہاز رانی یقینی بنانا ضروری ہے اور معمول کی بحری آمدورفت بحال کرنا عالمی برادری کی مشترکہ خواہش ہے۔
ملاقات میں چین نے ایران کی خودمختاری، سلامتی اور آبنائے ہرمز سے متعلق جائز حقوق کے احترام پر بھی زور دیا، تاہم ساتھ ہی معمول کی تجارتی آمدورفت بحال کرنے کی ضرورت واضح کی۔
آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شامل ہے، جہاں سے عالمی تیل اور ایل این جی کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔ حالیہ کشیدگی کے باعث یہاں بحری آمدورفت میں نمایاں کمی آئی ہے اور 15 ستمبر کو صرف چار بحری جہازوں کی آمدورفت ریکارڈ کی گئی۔

