جبیل( بیورو رپورٹ ) سعودی عرب کے ساحلی شہر الجبیل میں معروف اسلامی سکالر ڈاکٹر نگہت ہاشمی کے دور سعودی عرب کے موقع پر جبیل انڈسٹریل سٹی میں رائز کلب کے زیرِ اہتمام، ‘او پی این’ اور رائزنگ اسٹار کے تعاون سے اولاد کی تربیت کے موضوع پر ایک نہایت خوبصورت، معلوماتی اور فکر انگیز لیکچر کا انعقاد کیا گیا اس خصوصی تقریب میں جبیل کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ جبیل کے علاوہ الخبر، رس تنورہ، صفوی اور قطیف سے آنے والی خواتین نے بھی اس علمی و تربیتی نشست میں شرکت کی اور ڈاکٹر نگہت ہاشمی کے قیمتی خیالات اور رہنمائی سے بھرپور استفادہ کیا تقریب کے آغاز پر رائز کلب لیڈیز ونگ کی صدر مسز کاشف نے ڈاکٹر نگہت ہاشمی کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گلدستہ پیش کیا پروگرام کی میزبانی رائزنگ اسٹار کی بانی سمرہ جمیل نے کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظہ فاخرہ نے حاصل کی اور اپنی خوبصورت تلاوت سے محفل کو روحانی فضا عطا کی ڈاکٹر نگہت ہاشمی نے اولاد کی تربیت کے اہم موضوع پر نہایت جامع اور مثر انداز میں گفتگو کی۔ لیکچر کے اختتام پر خواتین کے لیے خصوصی سوال و جواب کی نشست بھی رکھی گئی، جس میں شرکا نے مختلف اہم موضوعات پر سوالات کیے اور محترمہ ڈاکٹر نگہت ہاشمی سے رہنمائی حاصل کی۔ یہ نشست نہایت معلوماتی، مفید اور فکر انگیز ثابت ہوئی۔ تقریب کے اختتام پر OPN کی روحِ رواں محترمہ سیدہ بخاری کی جانب سے ڈاکٹر نگہت ہاشمی کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی، جبکہ رائزنگ اسٹار کی جانب سے اس کی بانی سمرہ جمیل نے بھی انہیں خصوصی اعزازی شیلڈ پیش کی۔
