سابق پریمیئر لیگ فٹبالر ٹائٹس برامبل کو پاکستان کی مینز سینئر قومی فٹبال ٹیم کا نیا اسسٹنٹ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن (PFF) نے سوشل میڈیا کے ذریعے ان کی تقرری کی تصدیق کی۔
PFF کے مطابق ٹائٹس برامبل انگلش فٹبال کے اعلیٰ ترین درجے کا تجربہ پاکستانی ٹیم میں لائیں گے اور قومی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ بن کر آئندہ بین الاقوامی مقابلوں کی تیاری میں معاونت کریں گے۔
ٹائٹس برامبل نے 2000 سے 2013 تک پریمیئر لیگ میں فٹبال کھیلی اور 200 سے زائد میچز میں شرکت کی۔ انہوں نے اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز اِپس وچ ٹاؤن سے کیا، جس کے بعد نیو کیسل یونائیٹڈ، ویگن ایتھلیٹک اور سنڈرلینڈ کی نمائندگی کی۔ نیو کیسل کے ساتھ پانچ سالہ دور میں انہوں نے تمام مقابلوں میں 156 میچز کھیلے۔
برامبل نے انگلینڈ کی انڈر 21 ٹیم کی جانب سے بھی 10 میچز کھیلے، تاہم انہیں انگلینڈ کی سینئر قومی ٹیم کی نمائندگی کا موقع نہیں ملا۔ کھیل کے بعد وہ کوچنگ سے وابستہ ہوگئے اور اِپس وچ ٹاؤن کی اکیڈمی کے علاوہ دبئی میں بھی کوچنگ کا تجربہ حاصل کیا۔
ٹائٹس برامبل کی پاکستان ٹیم میں شمولیت کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ وہ قومی ٹیم کے موجودہ ہیڈ کوچ نولبرٹو ’نوبی‘ سولانو کے سابق ساتھی رہ چکے ہیں۔ دونوں نے نیو کیسل یونائیٹڈ کی جانب سے 2002 سے 2007 کے دوران 83 میچز ایک ساتھ کھیلے تھے۔ اب دونوں پاکستان کی قومی ٹیم کے کوچنگ سیٹ اپ میں ایک ساتھ کام کریں گے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مطابق برامبل ایسے وقت میں قومی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں جب پاکستان فیفا آسیان کپ اور دیگر آئندہ بین الاقوامی چیلنجز کی تیاری کر رہا ہے

