اسلام آباد، لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے پی ٹی آئی کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دہشت گرد بن کر آئے تو واپس جانے نہیں دیں گے۔ وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ہماری ذمے داری ہے کہ کوئی پرتشدد جتھہ اسلام آباد نہیں آئے، ادھر نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)والے حکومت سے جو مانگ رہے تھے، حکومت اس پر راضی تھی۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ہماری ذمے داری ہے کہ کوئی پرتشدد جتھہ اسلام آباد نہیں آئے گا۔پریس کانفرنس میں عطا تارڑ نے کہا کہ اسلام آباد کی سڑکوں کی بندش، عوام کی آمد و رفت میں خلل سے متعلق عدالت کے واضح احکامات ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ یقینی بنائے گی کہ کوئی خلل نہ آئے، ہماری ذمے داری ہے، کوئی پرتشدد جتھہ اسلام آباد نہیں آئے گا۔وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے خبردار کیا ہے کہ اگر دہشت گرد بن کر آئے تو پھر واپس جانے نہیں دیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ اگر آپ پرامن شہری ہیں تو ہر راستے سے اسلام آباد آئیں، اگر دہشت گرد بن کرآئیں گے تو پھر واپس جانے نہیں دیں گے۔طلال چوہددری نے کہا کہ اسلام آبادہائی کورٹ کے حکم پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا جائے گا اور کوئی غیرقانونی کام برداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی ان سے کنٹرول نہیں ہورہی، خیبرپختونخوا میں صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے بھی پی ٹی آئی کے احتجاج پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اس سے انتشار اور تباہی پھیلانے کا منصوبہ قرار دیا گیا۔لانگ مارچ کے حوالے سے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر کے بیان پر ردعمل میں عطااللہ تارڑ نے کہا کہ جنید اکبر کا بیان بتاتا ہے کہ ان کا مقصد صرف انتشار اور تباہی پھیلانا ہے، یہ لوگ پرامن احتجاج پر یقین نہیں رکھتے بلکہ تشدد اور خون خرابہ چاہتے ہیں۔وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ والے باز نہ آئے تو اچھی طرح سمجھا دیا جائے گا۔فیصل آباد میں رورل ہیلتھ سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ کوئی شک نہیں مہنگائی نے ہر شہری کی زندگی کو مشکل بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی بنیادی وجہ پیٹرول کی قیمت ہے۔ یہ تاثر غلط ہے کہ حکومت پیٹرول کی قیمت بڑھاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے ہر ملک میں مہنگائی ہے، وجہ پیٹرولیم مصنوعات کا مہنگا ہونا ہے۔ کہیں سنا ہے کہ کسی ملک میں لانگ مارچ اور مار دھاڑ ہوئی ہو؟رانا ثنا اللہ نے کہا کہ لانگ مارچ والوں کو سمجھانے کی کوشش کی جارہی ہے، لانگ مارچ والے باز نہ آئے تو اچھی طرح سمجھا دیا جائے گا۔ادھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)والے حکومت سے جو مانگ رہے تھے، حکومت اس پر راضی تھی۔نجی ٹی وی کے پروگرام نیا پاکستان میں حکومتی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ لانگ مارچ کا اعلان بانی پی ٹی آئی نے نہیں کیا تھا۔ذرائع کے مطابق یہ اعلان پی ٹی آئی کی موجودہ پارٹی قیادت نے خود کیا ہے، اس لیے اس اعلان کو یہ خود واپس لے سکتے ہیں۔حکومتی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی والے جو مانگ رہے تھے، حکومت اس پر راضی تھی، مگر نہیں معلوم کہ پی ٹی آئی کے اندرونی کیا اختلافات ہیں۔
حکومت
