پشاور،کوئٹہ (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں مبینہ خودکش دھماکا اور فائرنگ کے نتیجہ میں 13افراد شہید اور 30 زخمی ہوگئے ۔ذرائع کے مطابق دھماکا ڈی آئی خان- کوئٹہ روڈ پر واقع انسدادِ اسمگلنگ امن میلہ پولیس چیک پوسٹ پر ہوا، بارود سے بھری گاڑی (VBIED) انسدادِ اسمگلنگ چیک پوسٹ سے ٹکرائی گئی۔دھماکا انتہائی شدید نوعیت کا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انسدادِ اسمگلنگ چیک پوسٹ پر حملہ، دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر اسمگلرزکے گٹھ جوڑ کا واضح ثبوت ہے خوارج کی جانب سے ایک بار پھر سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کو وحشیانہ حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔دھماکے کے نتیجے میں مجموعی طور پر 11 افراد نے جام شہادت نوش کیا، شہدا میں 6 پولیس اہلکار، 2 کسٹمز اہلکار، 2 خواتین اور ایک 2 سالہ بچہ شامل ہے۔ جبکہ زخمیوں کو لے جانے والی ایمبولینس پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو ریسکیو اہلکار شہید ہوگئے۔ دھماکے میں پولیس اہلکاروں، کسٹمز حکام اور عام شہریوں سمیت 30 سے زائد افراد زخمی ہیں زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث شہداء کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔مقامی لوگوں میں خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے دہشت گردی سے لا تعلقی اور بے حسی پر شدید غصہ اور بے چینی پائی جاتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔درازندہ امن میلہ چیک پوسٹ حملے پر گورنر خیبرپختونخوا نے اعلی حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حملہ فتنہ الہندوستان خوارج کی مذموم سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جائے گی۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے ضلع دکی کے علاقے نانا صاحب زیارت میں سڑک تعمیر کرنے والی کمپنی کے کیمپ پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے حملہ کیا، جس کے بعد 18 محنت کش مزدوروں کو اغوا کرلیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں اور سکیورٹی گارڈز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک گارڈ شہید جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔ حملے کے بعد دہشت گردوں نے کیمپ میں مقیم 18 محنت کش مزدوروں کو اغوا کرلیا۔ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مغوی مزدوروں کی بازیابی اور دہشتگردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ بلوچستان میں دہشت گردوں نے چیئرمین ضلع کونسل ڈیرہ بگٹی کے گھر پر حملہ کر دیا، امن فورس نے بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے 13 دہشت گرد مار دیئے۔ وزیراعلی بلوچستان کے آبائی ضلع نارتھ ڈیرہ بگٹی کے علاقے بیکڑ میں چیئرمین ضلع کونسل ڈیرہ بگٹی وڈیرہ غلام نبی شمبھانی کے گھر پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، وڈیرہ ہدایت شمبھانی کی زیر نگرانی بگٹی امن فورس نے دہشت گردوں سے مقابلہ کیا۔قبائلی ذرائع کے مطابق شہید فضل خان سب ڈویژن میں گزشتہ شب سے فائرنگ کا تبادلہ رات بھر جاری رہا، دہشت گردوں کی جائے وقوعہ سے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی، تعاقب کرکے 13 دہشت گرد مار دیئے گئے۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے امن فورس کے ایک جوان شہید اور تین جوان زخمی ہوئے جنہیں علاج معالجے کے لیے کراچی منتقل کردیا گیا۔
13شہید
